زاہدبشیر
گول// گول سب ڈویژن کے شرکنڈی سے دتر شیخ محلہ سڑک کی حالت گزشتہ تین سال سے نہایت ہی ابتر ہے جس وجہ سے مقامی لوگوں کو شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہاہے ۔ مقامی لوگوں کے مطابق2021میں محکمہ تعمیرات عامہ نے شر کنڈی سے دتر و شیخ محلہ کے لئے سڑک کی تعمیر کے لئے اراضی کی کٹنگ کی اور اس کو ایسا ہی چھوڑ دیا گیا جس وجہ سے آئے روز بارشوں و برف باری کی وجہ سے لوگوں کو شدید نقصانات سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے کیونکہ اس سڑک کی نہ ہی کسی جگہ پر دیواریں ہیں اور نہ ہی آبِ نکاس کے لئے نالی نکالی گئی ہے تمام بارشوں کا پانی لوگوں کی زرعی اراضی اور رہائشی مکانات میں جاتا ہے ۔لوگوں نے کہا کہ اس سلسلے میں اگر چہ کئی مرتبہ محکمہ تعمیرات عامہ کے اعلیٰ حکام سے بھی رجوع کیا تھا لیکن انہوں نے اس جانب کوئی توجہ نہیں دی ۔ سڑک کے کچھ حصوں پر تھوڑی سی روڑی ڈال کر رکھی ہے اور کچھ حصے بہت زیاد ہ خراب ہیں تھوڑی سی بارش آنے پر یہاں کیچڑ جمع ہو جاتی ہے اور لوگوں کو چلنا محال بن جاتا ہے ۔ مقامی لوگوں کے مطابق اس سڑک سے چھ رہائشی مکانات کو کافی نقصان پہنچا ہے تمام بارشوں کا پانی ان ہی رہائشی مکانات کے ارد گرد و زرعی اراضی میں جاتا ہے ۔ اگر چہ مقامی لوگوں نے تحریری طور پر بھی متعلقہ حکام کو آگاہ کیا تھا لیکن محکمہ کی کان پر جوں تک نہیں رینگی ۔ مقامی لوگوں نے گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ کم از کم اس سڑک کی نالی بنائی جائے تا کہ بارشوں کے پانی سے لوگوں کو نقصان نہ ہو اور سڑک کو جلد از جلد قابل آمد و رفت بنایا جائے ۔