جموں//چیف سیکرٹری اتل ڈلو نے فائنانس ڈیپارٹمنٹ کی ایک جامع جائیزہ میٹنگ کی صدارت کی تا کہ جموں و کشمیر میں مالی شمولیت کو فروغ دینے اور اہم فلاح و بہبود اور سماجی تحفظ اسکیموں کی کوریج کو بڑھانے میں ہونے والی پیش رفت کا جائیزہ لیا جائے ۔ میٹنگ کے دوران چیف سیکرٹری نے تمام اہل مستفدین ، خاص طور پر غیر منظم شعبے میں کام کرنے والوں کو پردھان منتری شرم یوگی ماندھن ( پی ایم ایس وائی ایم ) اسکیم کے تحت اندراج کیلئے متحرک کرنے کی اہمیت پر زور دیا ، جو 60سال کی عمر کے بعد غیر منظم کارکنوں کو 3 ہزار روپے کی گارنٹی شدہ ماہانہ پینشن فراہم کرتی ہے ۔ انہوں نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ سکیم کے تحت عوامی آگاہی پیدا کرنے اور اندراج میں مدد کیلئے مقامی لیبر آفسوں ، ای پی ایف او اور ای ایس آئی سی آفسوں کو سہولت مراکز کے طور پر نامزد کر کے عالمگیر اندراج حاصل کرنے کیلئے فعال اقدامات کریں ۔ ڈلو نے فائنانس ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت دی کہ وہ اہل مستفیدین کے جامع ڈیٹا سیٹس ، جن میں عمارت اور تعمیراتی کارکن ، ایم ڈی ایم کارکن ، سٹریٹ وینڈرز اور دیگر شامل ہیں ، بینکوں کے ساتھ شئیر کریں تا کہ ان کی انرولمنٹ میں تاخیر کے بغیر تیزی لائی جا سکے ۔ ضلع وار کارکردگی کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری نے افسران پر زور دیا کہ وہ مالی شمولیت اور ویلفئر سکیموں کے تحت موجودہ کوریج اور قومی اوسط کے درمیان فرق کو ختم کرنے کیلئے ایک ہدف شدہ اور مربوط اپروچ اپنائیں ۔ ترقی کا جائیزہ پیش کرتے ہوئے پرنسپل سیکرٹری فائنانس نے بتایا کہ محکمہ نے پی ایم ایس وائی ایم کے تحت انرولمنٹ کیلئے تقریباً 5.46لاکھ غیر منظم کارکنوں کی شناخت کی ہے ۔ انہوں نے مختلف مالی شمولیت اقدامات کے تحت اہم کامیابیوں کو بھی اجاگر کیا ۔ چیف سیکرٹری نے اب تک کی جانے والی کوششوں کی تعریف کی اور تمام فلاحی اور سماجی تحفظ اسکیموں کے تحت مکمل اہداف حاصل کرنے کیلئے تمام انتظامی سطحوں پر شدید اور مربوط کارروائی کی اپیل کی ، جو وقت کی پابندی اور مشن موڈ میں ہو۔