جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اقتصادی پیکیج کے تحت جموں کشمیر کے تجارتی شعبے کی امداد کیلئے شرح سود میں 5 فیصد رعایت کی دوسری قسط کیلئے 250 کروڑ روپے کی رقم کا چیک جموں کشمیر بنک کو پیش کیا ۔ اس موقعہ پر میڈیا افراد کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ شرح سود میں رعایت سے تقریباً 3.41 لاکھ چھوٹے اور بڑے تاجر اور تجارتی ادارے مستفید ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت شرح سود میں رعایت کی رقم واگذار کرتی رہے گی جب بھی ہم سے ایسا مطالبہ کیا جائے گا ۔ حکومت کی جانب سے جموں کشمیر کے اقتصادی شعبے میں اصلاحات لانے کے سلسلے میں لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ’ بیک ٹو ولیج اور میرا قصبہ میرا غرور ‘پروگراموں کے تحت نشاندہی کئے گئے 16800 نوجوانوں کی مالی امداد کیلئے 264 کروڑ روپے کی رقم واگذار کی گئی ہے ۔ میڈیا افراد کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ دُنیا بھر کے سرمایہ کار جموں کشمیر میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ لینڈ بنک اور دیگر دستیاب مواقعے سے سرمایہ کار اپنی سرمایہ کاری کیلئے جموں کشمیر کو ایک موزون منزل تصور کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 28400 کروڑ روپے کی نئی صنعتی ترقیاتی سکیم سے سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں کی حوصلہ افزائی ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ صحت شعبے میں سرمایہ کاری کیلئے معروف سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے کوششیں جاری ہیں ۔