نظامِ زندگی مفلوج، بحالی کا کام شروع کیا گیا
شاہ نواز
ریاسی//ضلع ریاسی میں گزشتہ کئی دنوں سے جاری موسلادھار بارشوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔ لگاتار بارشوں کے باعث متعدد سڑکیں بھاری پسیاں گرنے سے بند ہو گئی ہیں جبکہ بجلی سپلائی مکمل طور پر درہم برہم ہو چکی ہے جس سے نظامِ زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔ریاسی۔ارناس۔مہور گریف سڑک پر کئی مقامات پر بھاری پسیاں گرنے سے آمد و رفت مکمل طور پر بند ہے۔ بدھ کی دوپہر موسم میں کچھ بہتری آنے پر بحالی کا کام شروع کیا گیا ہے لیکن متاثرہ علاقوں کو دوبارہ جوڑنے میں وقت لگ سکتا ہے۔اسی طرح بدھل۔مہور۔گول بی ایم جی گریف سڑک بھی کئی جگہوں پر پسیاں اور پتھر گرنے کے باعث مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہے۔ بدورا کے مقام پر بنایا گیا ڈائیورجن شدید پانی کے بہاؤ میں بہہ جانے سے سڑک کی بحالی مزید تاخیر کا شکار ہو سکتی ہے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق سب ڈویژن درماڑی اور مہور کی بیشتر اندرونی رابطہ سڑکیں کئی دنوں سے بند ہیں جس سے مقامی آبادی کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ دوسری جانب بجلی کی سپلائی بھی بری طرح متاثر ہے اور درجنوں دیہات گزشتہ کئی دنوں سے تاریکی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔بدھ کی دوپہر کے بعد موسم میں جزوی بہتری آنے کے بعد انتظامیہ نے سڑکوں اور بجلی کی بحالی کا کام شروع کر دیا ہے تاہم عام زندگی کو معمول پر لانے میں مزید وقت لگ سکتا ہے۔