سرینگر//نیشنل کانفرنس جنرل سیکریٹری علی محمد ساگرنے یونین ٹیریٹری کے تینوں خطوں کی صوبائی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ شب معراج کی تقریبات کے دوران درگاہوں، زیارتگاہوں ، مساجد اور خانقاہوں میں زائرین کیلئے بغیر خلل بجلی، پینے کے پانی، صحت وصفائی اور صبح صادق سے رات گئے تک مناسب ٹرانسپورٹ کا انتظام کرنے کے ساتھ ساتھ طبی سہولیات دستیاب رکھیں۔ انہوںنے کہاکہ خصوصی طور پر درگاہ حضرت بل، آثار شریف شہری کلاش پورہ، جناب صاحب صورہ، لال بازار، پنجورہ شوپیان، اہم شریف بانڈی پورہ ، کعبہ مرگ، کھرم سرہامہ، ڈانگرپورہ نرورہ، آستان شاہ نقشبند صاحبؒ سیدواری، آستان امام عالم نائد کدل کے علاوہ جملہ خانقاہوں ، مساجدوں اور زیارت گاہوں میں تمام سہولیات مسیر رکھے جائیں۔ ساگر نے مسلم اوقاف ٹرسٹ کے اعلیٰ حکام سے بھی اپیل کی کہ وہ عقیدت مندوں کیلئے موثر اور مناسب اقدامات کریں۔ اِدھر ضلع صدر پہلگام الطاف احمد کلو، جنوبی زون صدر ڈاکٹر بشیر احمد ویری ،ضلع صدر شوپیان شوکت حسین گنائی، سینئر لیڈر شیخ محمد رفیع، ضلع صدر بارہمولہ جاوید احمد ڈار اور میر غلام رسول ناز سابق ایم ایل اے بانڈی پورہ نے بھی ایسا ہی مطالبہ کیا۔