عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //ٹنل کے آر پار شب برات کی تقریب عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔اس سلسلے میں وادی بھر میں خصوصی تقاریب کا اہتمام کیاگیا اور شب خوانی کی محفلیں آراستہ ہوئیں۔شب برات کی سب سے بڑی تقریب درگاہ حضرتبل میں منعقد ہوئی جبکہ دیگر مساجد، خانقاہوں اور امام باڑوںمیں بھی رات بھر شب خوانی کا اہتمام کیا گیا جس دوران عقیدت مندذکروازکار کی محفلوں میں محو رہے ۔اس ضمن میں سرکاری سطح پر بھی انتظامات کئے گئے تھے تاکہ عقیدت مندوں کو کسی بھی طرح کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔مساجد ، خانقاہوں اور امام باڑوں میں چراغاں کیا گیا تھا اور لداخ میں بھی شب برات کی تقریب منائی گئی۔ اس شب کے سلسلے میں وادی بھر کی مساجداور دیگر عبادتگاہوںمیں لوگ اپنے گناہوں کی مغفرت طلب کرتے رہے اور رات بھر شب خوانی میں گزاری۔ اس ضمن میں وادی کشمیر میں سب سے بڑی تقریب درگاہ حضرت بل میں منعقد ہوئی جہاں وادی کے اطراف و اکناف سے سینکڑوں لوگ اس مقدس محفل میں حاضر ہوئے ۔وادی کی بیشتر مساجد میں دیر رات نماز عشاء ادا کرنے کے بعد شب خوانی کی محفلیں آراستہ کی گئیں اور صبح تک لوگ ذکر ا اذکار میں محو رہے۔درگاہ حضرتبل تک پہنچنے کیلئے انتظامیہ کی جانب سے خصوصی بس سروس بھی چلائی گئی جبکہ دیگر محکمہ جات بھی اپنی خدمات انجام دیتے رہے ۔ درگاہ حضرتبل بل کے علاوہ جناب صاحب صورہ، آثار شریف پنجورہ شوپیان، آستان عالیہ خانقاہ معلی سرینگر، آستان عالیہ سید صاحب سونہ وار، آستان عالیہ خانیارو سرائے بالاکے علاوہ دیگر اہم عبادتگاہوں اور تمام ضلع ہیڈ کوارٹروں کی جامع مساجد میں بھی شب خوانی کی گئی۔ عبادتگاہوں میں ایمہ مساجد اورعلمائے کرام نے شب برات کی خصوصیت اور فضیلت پر مفصل روشنی ڈالتے ہوئے اس رات کے مقاصد سے روشناس کرایا۔