سرینگر//شب برات کی تقریبات انتہائی عقیدت و احترام اورتزک و احتشام کے ساتھ منائی گئیں جس دوران وادی کی تمام مساجد ، خانقاہوں اور زیارت گاہوں میں شب خوانی کا اہتمام کیاگیا اور انتہائی فضیلت وبرکت والی اس رات میں لاکھوں فرزندان توحید نے بارگاہ الٰہی میں اپنے گناہوں کی بخشش طلب کرنے کے ساتھ ساتھ عمر درازی کی خصوصی دعائیں مانگیں ۔ شب برات کی تقریب ریاست جموں وکشمیر میں نہایت ہی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی جس دوران تمام مساجدوں میں رات بھر فرزندان توحید نے شب خوانی کی ۔ وادی میں شب برات کی سب سے بڑی تقریب آثار شریف درگاہ حضرت بل میں منعقد ہوئی جہاں ہزاروں فرزندان توحید نے رات بھر شب خوانی کی اور بارگاہ الٰہی میںسربسجو د ہو کر اپنے گناہوں کی مغفرت مانگی ۔ شب خوانی کرنے والوں میں خواتین کی ایک بڑی تعداد شامل تھی اور درود واذکار کی محفلوں سے حضرت بل کا پورا علاقہ رات بھر گونجتا رہا ۔ درگاہ حضرت بل میں شب برات کی مقدس تقریب میں شرکت کرنے کیلئے وادی کے اطراف و اکناف سے آئے ہوئے ہزاروں لوگوں نے شرکت کی ۔اس موقع پر رضا کار تنظیموں کی طرف سے مشروبات کا انتظام رکھا گیا تھا جبکہ محکمہ ٹریفک کی جانب سے بھی معقول انتظامات کئے گئے تھے ۔ شب برات کی اس بابرکت تقریب کے دوران ائمہ مساجد نے فلسفہ برات پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔ اس دوران تاریخی جامع مسجد میں شب برات کی تقریب میں مقررین نے شب برات کی فضیلت پر روشنی ڈالی اور ہزاروں فرزندان توحید نے شب بیداری کی اور اللہ کے حضور سربسجود ہو کر اپنے گناہوں کی بخشش طلب کی اور ریاست کی امن و آشتی کیلئے خصوصی دعائیں مانگیں ۔ ادھرجناب صاحب صورہ میں بھی شب برات کی تقریب میں لوگ شب خوانی میں محو رہے ۔ یہاں بھی درود و اذکار کی محفلیں رات بھر جاری رہیں اور آثار شریف منتظمین نے زائرین کیلئے مناسب اقدامات کئے تھے ۔ اس دوران مخدوم صاحبؒ ،سرائے بالا ، آثار شریف شہری کلاشپورہ ، اقرا مسجد سرائے بالا ، جامع مسجد قدیم بٹوارہ ، سید یعقوب صاحبؒ سونہ وار ، خانقاہ معلی اور شیخ نور الدین نورانی ؒ کی زیارت گاہ واقع چرار شر یف ، پنجورہ شوپیان ، تجر شریف ، بانڈی پورہ ، ہندوارہ اور جامع مسجد کپوارہ کے ساتھ ساتھ وادی کی تمام مساجد ، خانقاہوں اور زیارتگاہوں میں شب خوانی کا اہتما م کیاگیا۔ مسجد محمدیہ بصر بگ آلسٹینگ میں علمائے احناف کے سربراہ مولانا اخضر حسین نے شب برات کی فضیلت پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ قران کو مشعل راہ بنا کر ہی مسلمان فتح و نصرت سے ہمکنار ہوسکتے ہیں۔