سرینگر//فریڈم پارٹی نے محبوس سربراہ شبیر احمد شاہ کی جوڈیشل حراست میں 2 ہفتوں تک اضافہ کر نے کی شدید مذمت کی ہے ۔ پارٹی نے کہاشبیر احمد شاہ کو بدھ کے روز ویڈیو کا نفرنس کے ذریعے جج نے سرکاری وکیل کی جانب سے اٹھائے گئے نکات کو تسلیم کر تے ہو ئے موصوف کی جوڈیشل حراست میں ۲ ہفتوں کی توسیع کر دی ۔ پارٹی نے کہا کہ شبیر احمد شاہ چونکہ پہلے سے ہی مختلف امراض میں مبتلا ہیں البتہ انہیں اس سلسلے میں مخصوص اور تجویز کردہ غذابھی فراہم نہیں کی جارہی ہے۔انھوں نے کہا کہ عدالتی احکامات کے باوجود انہیں کوئی سہولیت میسر نہیں جس سے ان کی صحت کافی حد تک متاثر ہوچکی ہے ۔ادھر پارٹی ترجمان نے شبیر احمد شاہ کی اہلیہ کے خلاف انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے انہیں بار باردہلی بلانے اور سمن بھیجنے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل محترمہ تین بار انفورسمنٹ ڈاریکٹوریٹ کے سامنے اپنا بیان درج کیا۔ترجمان نے طب و صحت جیسے معزز پیشہ اور سماج کے ذہین و سنجیدہ طبقہ سے وابستہ افراد کو بے وجہ اور بلا جواز تنگ طلب کرنے کی کاروائی کوغیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ سماج کے معزز طبقے کو بھی سیاست زدہ کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔