عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// وادی کشمیر میں رات کے درجہ حرارت میں کمی کے ساتھ ہی سردی کی شدت میں اضافہ ہوا اور پہلگام میں منگل کو موسم کی سرد ترین رات منفی 4.3 ڈگری سینٹی گریڈ رہی۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ پہلگام میں کم از کم درجہ حرارت منگل کو منفی 4.3 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔سرینگر میں کم سے کم منفی1.4 تھا ۔گزشتہ روز سرینگر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے 2.5 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ کیا گیا جب کہ موسم گرما کے دارالحکومت میں عام درجہ حرارت 11.4 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔
گلمرگ میں کم از کم درجہ حرارت میں ایک درجے کی بہتری آئی ہے جو کہ منگل منفی کو 2.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔سرینگر جموں قومی شاہراہ پر قاضی گنڈ میں منفی 1.6 اور کوکرناگ میں0.8 اورکپواڑہ میں منفی1.7 تھا ۔جموں و کشمیر میں 10 دسمبر تک خشک موسم اور 11 دسمبر کو عام طور پر ابر آلود رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ اس ہفتے کے دوران رات کے درجہ حرارت میں مزید کمی کا امکان ظاہر کیاہے۔ادھرخطہ پیر پنچال کے جڑواں اضلاع راجوری اور پونچھ کو جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان سے ملانے والے تاریخی مغل روڑ کو کچھ مقامات پر نزدیکی پہاڑیوں سے برفانی تودے گرآئے ،جسکے بعد فوری احتیاطی اقدام کے بطوراس پہاڑی گزرگاہ کو گاڑیوںکی آمدورفت کیلئے بندکردیاگیا ۔حکا م کاکہناتھاکہ منگل کو سہ پہر کے بعد مغل روڑ پر آمدورفت دوبارہ بحال کیا گیا۔