سرینگر // وادی میں55روز بعد شبانہ درجہ حرارت میں بہتری آئی جو 0.4 ڈگری سیلسیش ریکارڈ کیا گیا ،جبکہ گلمرگ مسلسل سردترین علاقہ رہا ۔جمعرات کی صبح ایک مرتبہ پھر معمولی برفباری کے بعد وادی کا زمینی و فضائی رابطہ متاثر ہوا ۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ وادی میںاگلے ایک ہفتے تک موسم خشک رہے گا ۔محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں گذشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت 0.4ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیاجبکہ 55روز تک کشمیر میں شبانہ درجہ حرارت میں شدید گراوٹ دیکھی گئی ۔محکمہ کے مطابق دسمبر 12 سے وادی میں شبانہ درجہ حرات منفی تک گرنا شروع ہوا اور ہر گذرتے دن کیساتھ اس میں مزید گراوٹ آتی گئی۔حتی کہ جنوری کے تیسرے ہفتے میں اس نے 30سالہ ریکارڈ بھی توڑ ڈالا جب منفی درجہ حرارت 8.8ریکارڈ کیا گیا۔ اس سے قبل منفی درجہ حرارت 8.4ریکارڈ ہوا تھا جو 25برسوں کے بعد اس قدر کم درج ہوا تھا۔درجہ حرارت میں بہت حد تک گراوٹ آنے سے راتیں انتہائی سرد اور دن میں یخ بستہ ہوائیں چلتی رہیں۔ منفی درجہ حرارت میں انتہائی حد تک گراوٹ سے جنوری کے پہلے ہفتے میں پڑی برف جم گئی، سڑکوں پر پالہ جم گیا،نل جم گئے، پانی کے ذخائر اور ڈل جھیل منجمند ہوئے۔گذشتہ رات قریب 7ہفتے بعد شبانہ درجہ حرارت میں بہتری آئی اور یہ نقطہ انجماد سے اوپر درج کیا گیا جس سے لوگوں نے سردی کی شدت سے کسی حد تک راحت کی سانس لی ہے ۔محکمہ کے ترجمان کے مطابق گلمرگ اور پہلگام میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے ہی درج کیا گیا ،پہلگام میں منفی 3.3ڈگری سیلسیش اور گلمرگ میں منفی 6.4 ڈگری سیلسیش ریکارڈ کیا گیا ۔ادھر موسم کی خرابی کی وجہ سے سرینگر کے انٹر نیشنل ائر پورٹ سے کم روشنی، دھند اور رن وے پر ہلکی برف کی موجودگی کے باعث معمول کی اڑانوں میں خلل پیدا ہوا اور 12بجے تک قریب سبھی پروازوں کے شیڈول تبدیل ہوئے۔اس دوران 2پروازیں منسوخ بھی کی گئیں۔