سرینگر//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے حضرت امیر کبیر ؒ میر سید علی ہمدانی ؒ کی تعلیمات کو برقرار رکھنے ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دور جدید میں عالم انسانیت کودرپیش کئی معاملات کا حل ان ہی تعلیما ت میں مضمر ہے ۔’شاہِ ہمدان، ہمارے روحوں کے نجات دہندہ‘ موضوع کے تحت منعقدہ سمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آج کل کا سماج جب سماجی بدحالی اور ثقافتی عدم شناخت سے گزر رہا ہے تو ضرورت اس بات کی ہے کہ حضرت امیر کبیر ؒ کی تعلیمات اور فلسفے پر عمل پیرا ہوجایا جائے تاکہ سماج کو نیکی ،ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرایا جاسکے۔ محبوبہ مفتی نے حضرت امیر کبیر ؒ کو زبردست خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ پورا جموں وکشمیر اس عظیم بزرگ کا انتہائی موہون منت ہے کیوں کہ انہوں نے روحانی بیداری کے ساتھ ساتھ لوگوں کو مختلف سیکٹروں میں تربیت دی۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ یہ اطمینان کی بات ہے کہ 30برسوں کے نامساعد حالات کے باوجود بھی مقامی اقتصادیات نمایاں طور پر دستکاری اور باغبانی شعبوں کی بدولت مستحکم رہی اوریہ دونوں شعبے ریاست میں حضرت امیر کبیرؒ اور ان کے رفقاء نے متعار ف کئے۔وزیر اعلیٰ نے ائمہ اور علماء حضرات اپیل کی کہ وہ آگے آکر نئی پود کی رہنمائی کر کے انہیں قرآن مجید اور حضرت محمد ؐکی تعلیمات اور ان کی عظمت سے روشناس کرائیں ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بدقسمتی کی بات ہے کہ دنیا بھر میں مسلم امہ اس وقت تشدد کے ایک بھنور میں پھنس چکی ہے اور یہ مذہبی سکالروں کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ سماج کو غلط راستے سے دور رکھنے میں اپنا کلیدی رول ادا کریں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمیں اس بات غور کرنا ہوگا کہ پوری مسلمان برادری تشدد کے بھنور کیوں پھنسی ہوئی ہے اور ہم تعلیم ، سماجی بہبودی اور عوامی خدمت کو نظر انداز کیوں کر رہے ہیں جس پر اسلام نے ہمیشہ زور دیا ہے اور ان اقدار کی عکاسی حضرت امیر کبیر ؒ کے فلسفے میں بھی نمایاں طور پر ہوتی ہے ۔انہوں نے وقف بورڈ کو صلاح دی کہ وہ اس طرح کے پروگرام ریاست کے دیگر حصوں میں بھی منعقد کرائیں۔وزیر اعلیٰ نے اس موقعہ پر مختلف سکولوں سے تعلق رکھنے والے ان بہترین 6طلاب کی عزت افزائی کی جنہوں نے امیر کبیر ؒ کی زندگی اور تعلیمات سے متعلق مضمون نویسی کے مقابلے میں شرکت کی تھی۔وزیر اعلیٰ نے ۱ن 7 کاریگروں کی بھی عزت افزائی کی جنہوں نے مختلف ہنروں میں اختراعی کام انجام دیا ہے ۔وزیر اعلیٰ نے ان پانچ ائمہ حضرات کی بھی حوصلہ افزائی کی جنہوں نے حضرت امیر کبیر ؒ کے پیغام کو عام کرنے میں بے مثال کام انجام دیا ہے ۔تکنیکی تعلیم ، امور نوجوان و کھیل کے وزیر مولوی عمران رضا انصاری ، معروف اسلامی سکالر مفتی رحمت اللہ قاسمی اور پروفیسر محمد طیب کاملی نے بھی اجلاس سے خطاب کیا۔