کشتواڑ//وزیر مملکت برائے حج و اوقاف سید فاروق احمد اندرابی نے حضرت شاہ اسرار الدین بغدادی ؒ کی زیارت گاہ پر حاضری دی اس موقعہ پر وزیر نے سالانہ عرس مبارک میں شرکت کرنے آئے زائرین کے ساتھ بات چیت کی اور امید ظاہر کی کہ اس طرح کے ایام سے آپسی روا داری ، بھائی چارے اور اخوت کے رشتے مضبوط ہوتے ہیں ۔ اس موقعہ پر ارکان قانون سازیہ جی ایم سروری ، فردوس احمد ٹاک ، سابق ایم ایل سی سید اضغر علی اور کئی اعلیٰ افسران بھی موجود تھے ۔ اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وزیر نے ریاستی عوام کی سماجی و روحانی بیداری کو یقینی بنانے میں حضرت شاہ اسرار الدین ؒ کے رول کو اجاگر کیا ۔ انہوں نے لوگوں سے کہا کہ وہ حضرت شاہ اسرار الدین ؒ کی تعلیمات پر عمل پیرا رہیں ۔ وزیر نے اسلامیہ فریدیہ ایجوکیشنل اینڈ ریسرچ انسٹی چیوٹ کی سالانہ تقریب میں بھی شرکت کی ۔ انہوں نے اس ادارے کے کام کاج کی کافی ستایش کی۔ ادھر نیشنل کانفرنس کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور کارگذار صدر عمر عبداللہ نے بلند پایہ ولی کامل روحانی اور تاریخ ساز اسلامی شخصیت حضرت شاہ اسرار الدین بغدادی ؒ کے سالانہ عرس پر لوگوں ریاست کے مسلمانوں کو مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ شاہ اسرار الدین بغدادی ؒ کی تعلیم سیرت روحانی اور علمی کمالات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ شاہ اسرار الدین بغدادی ؒ نے جو تاریخ ساز اسلامی کارنامے انجام دئے ہیں انہیں ہمیشہ زندہ و جاویدہیں۔نیشنل کانفرنس کے ایم ایل سی کشتواڑ سجاد احمد کچلو اور خالد نجیب سہروردی نے بھی شاہ اسرار الدین بغدادی ؒ کے عرس مبارک کے موقعہ پر عوام کو مبارکباد پیش کی ہے اور ساتھ ہی انتظامیہ سے زائرین کیلئے مناسب اور معقول انتظامات کی اپیل کی ہے۔