عارف بلوچ
اننت ناگ//ڈورو شاہ آباد پریمئر لیگ اختتام کو پہنچ گئی۔74 دن چلنے والے اس لیگ میں ٹنل کے آر پار 24 ٹیموں نے حصہ لیا۔فائنل ڈورو رینجرس اننت ناگ اور ایس سی پی ایل ہلر کے مابین کھیلا گیا۔ڈورو رینجرس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اورز میں 178 رن بنائے جس دوران اس کے 9 کھلاڑی آوٹ ہوگئے، جواب میں ایس سی ایل ہلر نے 19.4 اورز میں 5 کھلاڑیوں کے آئوٹ پر مقررہ ہدف پورا کیا۔وال آرٹ کرکٹ کلب کے کپتان تنویر پولاڈ نے مین آف دی سیریز کا خطاب حاصل کیا۔موصوف نے پورے لیگ میں 2 نصف سنچریاں اور 13 وکٹ حاصل کئے۔فائنل ٹیم کو 2.30 لاکھ جبکہ رنر ٹیم کو 1.50 لاکھ روپئے و شاندار ٹرافی سے نوازا گیا۔میچ کے دوران سپورٹس کونسل کی چیئرمین نزہت گل،قومی کھلاڑی پرویز رسول،صدر میونسپل کمیٹی ڈورو ویری ناگ محمد اقبال آہنگر،شاہ آباد ڈیولپمنٹ فورم کے صدر ظہور احمد ملک،ایس ایچ او ڈورو پرویز احمد کے علاوہ لوگوں کی بڑی تعداد موجود رہی۔پورے ٹورنامنٹ کے دوران شائقین کرکٹ کی خاصی تعداد موجود رہی جو اپنے اپنے ٹیم کا حوصلہ بڑھاتے رہے۔اس موقع پر سپورٹس کونسل کی چیئرمین نزہت گل نے لیگ کے منتظمین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہاں آکر بہت خوش ہوئی کہ یہاں کے لوگوں میں کرکٹ کے تئیں کتنا لگاؤ ہے۔انہوں نے فاتح ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے وقت میں ڈورو اسٹیڈیم کو فلڈ لائٹس کے علاوہ شائقین کرکٹ کے لئے بہتر سیٹنگ سسٹم نصب کیا جائے گا۔ڈی ایس پی ایل چیئرمین اعجاز احمد ماگرے کا کہنا تھا کہ لیگ قائم کرنا نوجوانوں کو بری عادتوں سے دور رکھنا تھا ۔انہوں نے کہا کہ لیگ میں ٹنل کے آرپار معروف کھلاڑیوں نے حصہ لے کر اپنی قابلیت دکھائی اور آئندہ برس بھی اس طرح کے ٹورنامنٹ منعقد کئے جائیں گے۔