بانہال // جموں سرینگر شاہراہ پر رام بن اور پنتھیال کے درمیانی سیکٹر میں بھاری پسیوں اور پتھروں کی وجہ سے شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت جمعہ تیسرے روز بھی مکمل طور پر ٹھپ رہی ۔تاہم جمعہ چار بجے کے قریب پنتھیال اور ڈگڈول کے درمیان متعدد مقامات پر گر آئی پسیوں کے بیچ 2 روز سے پھنسی اڑھائی سو کے قریب مسافر بردار گاڑیوں کو وادی کشمیر کی طرف جانے کی اجازت دی گئی تاہم اس دوران پنتھیال میں گرتے پتھروں کی وجہ سے ٹریفک بار بار متاثر رہا۔ شاہراہ پر رام بن کے مقام پر500کے قریب مسافر گاڑیوں کو جمعہ کی شام ساڑھے چھ بجے وادی کی طرف روانہ کیا گیا۔یہ گاڑیاں تین دن سے پھنسی رہیں۔ٹریفک حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ رام بن اور بانہال کے درمیان ایک درجن سے زائد مقامات پر گر آئی پسیوں میں سے بیشتر کو صاف کیا گیا ہے جبکہ بیٹری چشمہ اور ماروگ کے پاس گر آئی کئی پسیوں کو صاف کرنے کا عمل جمعہ کی شام تک جاری رہا۔ انہوں نے کہا کہ جمعہ کی شام چار بجے پنتھیال کے مقام پر بدھ کی رات سے دو سو سے زائد درماندہ مسافر گاڑیوں کو کشمیر کی طرف چھوڑ دیا گیا، البتہ انہیں ایک ایک کر کے چھوڑا جارہا ہے کیونکہ شاہراہ پروقفے وقفے سے پتھر گر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جگہ جگہ پتھر گر رہے ہیں اور پسیوں اور پتھروں نے شاہراہ کو نقصان پہنچایا ہے اور انوکھی فال اور منکی مور سمیت کئی مقامات پر شاہراہ صرف چھوٹی مسافر گاڑیوں کے قابل رہ گئی ہے۔