بانہال// جموں سرینگر شاہراہ ادہمپور اور بانہال کے درمیان کئی مقامات پر بھاری پسیوں اور پتھروں کے گر آنے کی وجہ سے کئی گھنٹوں تک بند رہی۔ جمعرات کی صبح روم پڑی چملواس بانہال علاقے میں فورلین شاہراہ کی کشادگی کے کام کی وجہ سے چٹان کا ایک بڑا حصہ سڑک پر گر آیا جس کی وجہ سے ٹریفک تین گھنٹوں تک معطل رہا اور دو طرفہ مسافر اور مال گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔ بانہال سے دو کلومیٹر دور روم پڑی چملواس کے مقام پر سڑک کو بحال کرنے کی کارروائی جار تھی کہ رام بن کے مہاڑ علاقے میں ایک اور پسی شاہراہ پر گر ائی۔تاہم یہاں فوری طور پر ملبہ صاف کیا گیا اور ٹریفک کی بحالی ممکن بنائی گئی۔لوگوںکا الزام ہے کہ تعمیراتی کمپنیاں جاری ٹریفک کے دوران سڑک پر ملبہ گراتے ہیں جس کی وجہ سے شاہراہ پر گھنٹوں ٹریفک متاثر ہونا پچھلے ایک ہفتے سے معمول بنا ہوا ہے ۔