بانہال// محمد تسکین // جموں۔ سرینگر شاہراہ پر واقع ادہمپور کے بٹل موڑ، مانسر ، دیالہ چک اور دھار روڈ پر ٹریفک پولیس کی طرف سے روکے گئے سینکڑوں مال بردار ٹرکوں کو پانچ روز بعد بھی وادی کشمیر کی طرف جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے جس کی وجہ سے ٹرک والوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے ، جبکہ اس دوران جموں ، ادہمپور اور دوادی کشمیر سے مال بردار ٹرکوں کو یکطرفہ ٹریفک میں مسلسل چلنے کی اجازت دی جا رہی ہے۔ ڈرائیوروں کا الزام ہے کہ دھار روڈ اورمانسر کے درمیان پانچ روز سے بند رکھے گئے ٹرک والوں کا جیسے کوئی پرسان حال ہی نہیں ہے اور ٹریفک پولیس اہلکار ایک ایک کرکے ڈرائیوروں سے رشوت کے نام پر رقم لیکر چھوڑ رہے ہیں اور یہاں درماندہ عام ڈرائیور کو پچھلے کئی روز سے پریشانی کا سامنا ہے۔ کئی مال بردار ٹرک ڈرائیوروں نے کشمیر عظمی کو فون پر بتایا کہ انہوں نے پنچاب ، مادھو پور اور سانبہ سے مال لوڈ کرنے کے بعد اپنا سفر گذشتہ بدھ اور جمعرات کو شروع کیا ہے لیکن پانچ روز بعد ابھی تک وہ دھار روڈ، ادہمپور سے پیچھے ہی روکے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دھار روڈ پر واقع بٹل موڑ سے مانسر اوردیالو چیک تک اٹھ سے بارہ کلومیٹر کے حصے پر کشمیر انے والے ٹرک قطاروں میں لگے ہوئے ہیں اور انہیں پانچ روز سے روکے رکھا گیا ہے جس کی وجہ سے ٹرک ڈرائیوروں اور کنڈیکٹروں کو سخت گرمی میں مشکلات کا سامنا ہے۔