بانہال// سرکاری ہائر سیکنڈری اسکول اور اُکڑال کے دیگرسرکاری سکولوں میں زیر تعلیم طلبا نے اج شاہراہ پر ٹرانسپورٹ سہولیات کی شدید قلت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت کم از کم دو گھنٹوں تک روک دی ۔ احتجاجی طلبا شاہراہ پر واقع مگرکوٹ سے اکڑال تک اور پوگل پرستان اور سینابتی سے ہائر سیکنڈری سکول اکرال اور ڈگری کالج بانہال اور رام بن پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ ٹرانسپورٹ سہولیات سے محروم طلبا کا کہنا ہے کہ انہیں تحصیل اکڑال کے تعلیمی اداروں تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ مگرکوٹ اکڑال رامسو بانہال کے درمیان چلنے والے گاڑی والے طلبا کو گاڑی میں سوار ہونے ہی نہیں دیتے ہیں اور بچوں کا قیمتی وقت کا ضائع ہونا معمول بن گیا ہے ۔ احتجاجی طلبا کا کہنا ہے کہ رامسو مگر کوٹ چکہ سربگھنی ، رامسو ،مگر کوٹ ، کھورہ ،سوجمتنہ، پنتھیال ،اور ناچلانہ ، شیر بی بی کے علاوہ دیگر زیر تعلیم مفلس بچوں کو رام بن ، بانہال ، اُکڑال ، رام سو اور رام بن کے سرکاری سکولوں میں اپنی تعلیم جاری رکھنے کیلئے سرکاری ٹرانسپورٹ کی کمی بچوں کے قیمتی وقت اور مستقبل کو تباہ کر رہی اور بچوں کو پیدل اور دیگر طریقوں سے سکول پہنچنا مجبوری بن گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وقت پر ہائر سیکنڈری سکول اکڑال ، ڈگری کالج بانہال اور رام بن نہ پہنچنے کی وجہ سے ان کی غیر حاضری شمار کی جاتی ہے اور تعلیمی سلسلہ بھی متاثر ہوکر رہ جاتا ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ لوکل میٹاڈار، منی بس اور سومو مالکان بچوں کو گاڑیوں سے اتار پھینکتے ہیں اور انہیں ہر بار گاڑی میں سوار ہونے سے منع کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بعض کنڈیکٹروں اور ڈرائیوروں کا رویہ طلبا اور طالبات سے بہت افسوس ناک ہوتا ہے اور غریب بچے یہ سب سہہ لیتے ہیں ۔ انہوں نے مسافر گاڑی والوں پر الزام لگایا کہ وہ اکرال ، مگر کوٹ اور بانہال رام بن کے درمیان بچوں سے اضافی کرایہ لیتے ہیں اور سٹوڈنٹس کیلئے کرایہ کی رعائت کیلئے احکامات کی دھجیاں بکھیر کر رکھ دی جاتی ہیں ۔ احتجاج کی وجہ سے جموں سرینگر شاہرتاہ پر گاڑیوں کی آمدورفت احتجاج کی وجہ سے کم از کم دو گھنٹوں تک متاثر رہی تاہم اس دوران مقامی ممبر اسمبلی بانہال و قارر سول وانی ، ایس ایچ او رام سو منیر احمد خان نے احتجاج پر آمادہ بچوں کو یقین دلایا کہ وہ اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کرینگے اور اس کے بعد احتجاج ختم ہوا ۔ سابقہ کانگریس وزیر اور ممبر اسمبلی بانہال وقار رسول وانی نے احتجاجی طلباء کو یقین دلایا کہ وہ ان کے معاملہ کو جلد از جلد حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کرینگے اور اس بارے میں متعلقہ حکام سے معاملہ اٹھایا جائے گا ۔ ٹرانسپورٹ کی کمی کے مسئلے کو حل کر وانے کی یقین دہانی کے بعد سکولی بچوں نے دھرنا ختم کرکے شاہراہ پر ٹریفک کو بحال کرنے کی اجازت دی ۔