محمد تسکین
بانہال// جموں سرینگر قومی شاہراہ پر واقع کشتواڑی پتھر شیر بی بی کی پسی میں ٹریفک کی بحالی اور معطلی کا سلسلہ پیر کی صبح بھی جاری رہا اور اس مقام پر ٹریفک کی نقل وحرکت ہزاروں مسافروں، سیاحوں، ٹریفک پولیس اور انتظامیہ کیلئے درد سر بن کر رہ گئی اور یہ سلسلہ پچھلے ایک ہفتے سے جاری ہے۔پیر کی صبح سے کئی بار پتھر گرتے رہے اور اس سے ٹریفک کی نقل و حمل بار بار متاثر ہوتی رہی۔ ٹریفک پولیس حکام نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ اتوار کی شام قریب 18 گھنٹوں تک بند رہنے کے شاہراہ پر ٹریفک کو بحال کیا گیا تھا اور دونوں طرف کے درماندہ ٹریفک کو نکالنے کے بعد قاضی گنڈ اور ادہمپور سے ٹریفک کو بحال کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کشتواڑی پتھر شیر بی بی کی پسی میں پتھروں اور چٹانوں کے گرنے کا سلسلہ پیر کو بھی کئی بار جاری رہا اور کئی بار ٹریفک کی نقل وحرکت بار متاثر ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ کشتواڑی پتھر کی پسی کو صاف کرنے کیلئے مشینری اور افراد قوت موقع پر تعینات رکھی گئی ہے اور گرتے پتھروں کو صاف کرکے شاہراہ پر ٹریفک کو بحال کیا جاتا رہا۔ انہوں نے کہا کہ ڈھلواس اور کشتواڑی پتھر کی پسی میں کئی گاڑیاں بھی پھنس گئیں تاہم انہیں نکالا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پیر کی شام تک دو طرفہ مسافر گاڑیاں اپنی منزلوں کی طرف بڑھ رہی تھیں اور سہہ بعد سے قاضینگڈ سے ٹرکوں اور ٹینکروں کو جموں کی طرف بحال کیا گیا ہے اور یہ سلسلہ شام تک جاری تھا۔