بانہال //سرینگرجموں شاہراہ پر مکرکوٹ کے مقام پر ایک بے قابو ٹرک کے کئی گاڑیوں سے ٹکرانے کے نتیجے میں ایک کار میں سوار باپ اور بیٹی ہلاک جبکہ ایک خاتون سمیت آٹھ افرادزخمی ہوگئے۔اتواردوپہر کو جموں سے وادی آرہا ایک ٹرک زیر نمبر شاہراہ پر مکر کوٹ کے مقام پرمخالف سمت سے آرہی ایک آلٹو کار زیر نمبر JK13E-8524 ،ایک ٹاٹا سومو JK-19-1270 ،ایک ٹمپو ٹرائولر JK01W-3416 اورایک کوائلس JK01G-6723 سے ٹکراکر اُن پرچڑھ آئی۔پولیس کے مطابق اس حادثے میں جموں جانے والی آلٹوکارJK13E-8524مکمل طور تباہ ہوئی اورکارمیں سوار35برس کے جتندرسنگھ ولداجیت سنگھ ساکن ترال اوراس کی چار برس کی بیٹی نردیپ کورموقعہ پر ہی ہلاک ہوئی،جبکہ حادثے میں جتندرسنگھ کی اہلیہ رنویرکورشدیدزخمی ہوئی۔ایس ایچ او رام سواعجازاحمدنے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اس حادثے میں کارڈرائیور اور بچی کی موقعہ پرہی موت واقع ہوئی تھی،جبکہ دیگر گاڑیوں میں سوارمزیدآٹھ زخمیوں میں سے تین کو گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ اورسرینگر منتقل کیاگیا۔انہوںنے کہا کہ پانچ لوگوں کو معمولی چوٹیں آئی تھیں۔ انہوں نے کہا حادثے کے فورا بعد مقامی لوگوں ، پولیس اور ہمالین کیو آر ٹی رامسو کے رضاکاروں نے کار میں بری طرح سے پھنسے تین زخمی مسافروں کو باہر نکالا لیکن تب تک دو باپ بیٹی کی موت موقع پر واقع ہوچکی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی جانچ میں یہ معلوم ہوا ہے کہ ٹرک میں تیکنیکی خرابی کی وجہ سے یہ ٹرک بے قابو ہوکر کئی گاڑیوں پر چڑھ گیا ۔ انہوں نے کہا کہ حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور جائے حادثہ سے فرار ہوا ہے، جبکہ پولیس نے ضابطے کی کارروائی شروع کی ہے۔پولیس نے زخمیوں کی شناخت جسوندر سنگھ ساکنہ ہماچل پردیش، بھگوان داس ساکنہ رامسو ، وسیم احمد ساکنہ پٹن بارہمولہ ، تاج دین اور عافیہ بانو ساکنہ امیرا نگر ڈوڈہ ، محمد اشرف اور شمیمہ بانو نور آباد ڈوڈہ کے طور کی ہے ۔یہ مسافر ٹرک کی زد میں آئی دوسری مسافر گاڑیوں میں سوار تھے ۔ انہوں نے کہا کہ رنویر کور اور جسوندر سنگھ کو کشمیر کے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔اس دوران سنیچروار کے روز ڈگڈول کے علاقے میں ایک اور لوڈڈ ٹاٹا سومو کے حادثے میں ایک اور زخمی محمد اشو ساکنہ اترپریش نے سنیچر کی شام جموں کے ہسپتال دم توڑا دیا جس سے اس حادثے میں مرنے والوں کی تعداد تین تک پہنچ گئی ہے اور تینوں کا تعلق ریاست اترپریش سے ہے جبکہ گیارہ مسافر رام بن اور جموں کے ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
نونرگاندربل میں ٹپر نے 7سالہ بچی کو کچلا
ارشاداحمد
گاندربل//گاندربل کے علاقہ ٹیکہ باغ نونر میں المناک حادثہ میں تیز رفتار ٹپر نے 7 سالہ بچی کو کچل ڈالا۔عینی شاہدین نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ نالہ سندھ سے تعمیراتی مواد لیکر روزانہ سینکڑوں ٹپر گاڑیاں ٹیکہ باغ نونر کی رابطہ سڑک سے گزرتی ہیں، اتوار 4 اور 5 بجے کے درمیان ٹپر نمبر JKO1H-1258 جو کہ تیز رفتاری سے چل رہا تھا ،نے 7 سالہ ادیبہ دختر ناصر احمد وانی ساکنہ وائیل گاندربل کوکچلا۔ اگرچہ اسے نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم ہسپتال میں ڈاکٹروں نے اُسے مردہ قرار دیا.یہ بچی آج کل اپنی والدہ کے ہمراہ ننھیال آئی ہوئی تھی جہاں یہ حادثہ پیش آیا۔ پولیس نے قانونی لوازمات مکمل کرکے بچی کی لاش لواحقین کے سپردکی۔اس دوران پولیس نے ٹپرڈرائیورمحمد لطیف کمبے ساکن سرژگاندربل کوگرفتار کرلیاہے۔