بانہال // جموں سرینگر شاہراہ کئی مقامات پر پتھر اور پسیاں گرنے کے باعث ایک بار پھر بند ہوگئی ہے اور شاہراہ پر سینکڑوں مسافر و مال دربار گاڑیاں درماندہ ہوگئیں ہیں۔سنیچر کو5 روز بعدجموں سے سرینگر کی طرف ٹریفک کو چلنے کی اجازت تھی ، لیکن جمعہ کی شام سے ہی مسلسل بارشوں اور تازہ برفباری کی وجہ سے شاہراہ پنتھیال سمیت کئی مقامات پر پسیوں اور پتھروں کے گر آنے کی وجہ سے بند ہوگئی ۔جموں سے وادی کشمیر کی طرف آنیو الا مسافربردار ٹریفک پنتھیال ، رام بن ، ناشری اور سمرولی ادہمپور کے درمیان کئی مقامات پر درماندہ ہوکررہ گیا ہے اور شاہراہ کے اچانک بند ہونے کی وجہ سے سینکڑوں کی تعداد میں مسافر گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔جبکہ سینکڑوں کی تعداف میں مسافر گاڑیاں واپس جموں کی طرف روانہ ہوگئی ہیں۔ڈی ایس پی ٹریفک بانہال پردیپ سنگھ سین نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جمعہ کی شام سے جاری مسلسل بارشوں کی وجہ سے ہفتے کی دوپہر بعد سے پنتھیال کے مقام پر پسیوں اور پتھروں کے گرنے کا سلسلہ شروع ہوا اور شاہراہ پر ٹریفک کو روک دینا پڑا ۔ انہوں نے کہا کہ پنتھیال کے علاوہ ماروگ ، بیٹری چشمہ اور کیلا موڑ پر بھی پتھر اور پسیاں مسلسل گر رہی ہیں جس کی وجہ سے سڑک کی بحالی کا کام بْری طرح متاثر ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ کے بند ہونے سے پہلے سینکڑوں کی تعداد میں نکالی گئی مال اور مسافر گاڑیوں نے جواہر ٹنل پار کیا اور اس کے بعد سارا ٹریفک ہفتے کی دوپہر سے درماندہ ہوگیا ۔انہوں نے کہا کہ بانہال اور جواہر ٹنل کے درمیان چار سے اٹھ انچ تازہ برفباری ہوئی ہے تاہم برفباری کے باوجود اس سیکٹر میں شاہراہ شام تک قابل آمدورفت تھی۔ سنیچر کی شام دیر تک بانہال اور رام بن سیکٹر میں بارشوں جبکہ بانہال اور ٹنل کے سیکٹر میں ہلکی ہلکی برفباری ہورہی تھی۔