سرینگر//حریت (گ) سید علی گیلانی نے حزب المجاہدین کے سربراہ سید صلاح الدین کے فرزند شاہد یوسف کو تحقیقاتی ایجنسی (این آیی اے)کی جانب سے دہلی میں گرفتار کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت زور زبردستی کی پالیسی کے تحت جموں کشمیر کے آزادی پسند قائدین کو زیر کرنے کی ناکام کوششوں میں مصروف عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سید صلاح الدین تحریک آزادی کشمیر کے سرخیل ہیں اور جس نے اپنی پوری زندگی کشمیر کی آزادی کے لیے وقف کی۔ گیلانی نے کہا کہ بھارت نے تمام تر حربے استعمال میں لاکر اس مردِ مجاہد کو کمزور کرنے کی ہر ممکن کوشش کی، مگر ناکامی کے بعد اب انہوں نے اوچھے حربے استعمال کرنے شروع کئے جس کے تحت انہوں نے اب موصوف کے بیٹے کو گرفتار کرکے باپ کے حوصلے کو توڑنے کی مذموم حرکت کی ہے۔ حریت رہنما نے کہا کہ ایسے ہتھکنڈوں سے آزادی پسند قیادت اپنے مبنی برحق جدوجہد سے کسی بھی صورت میں دستبردار نہیں ہوں گے۔ درٰن اثناء حریت (گ) نے حریت چیرمین سید علی گیلانی کی مسلسل نظربندی، تحریک حریت جنرل سیکریٹری، محمد اشرف صحرائی اور تحریک حریت لیڈر محمد اشرف لایا کی خانہ نظربندی اور حریت ترجمان اعلیٰ غلام احمد گلزار اور معاون جنرل سیکریٹری محمد یوسف میر کی تھونہ نظربندی کو طول دینے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خانہ وتھانہ نظربندیوں سے حریت کو مرعوب نہیں کیا جاسکتا۔ ترجمان نے حریت رہنما غلام محمد خان سوپوری کو فرضی الزامات کے تحت کالے قانون PSAلگاکر کٹھوعہ جیل میں پابند سلاسل کرنے کی بھی مذمت کی، کیونکہ موصوف معمر ہونے کے ساتھ ساتھ کئی امراض میں مبتلاء ہیں۔ ترجمان نے جماعت اسلامی جموں کشمیر کے معمر رہنما شیخ محمد یوسف سوپور کو چوتھی بار پی ایس اے لگا کر ڈسٹرکٹ جیل کپواڑہ منتقل کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ یہ کارروائیاں نہ صرف غیر انسانی، غیر اخلاقی اور غیر قانونی ہیں، بلکہ یہ سراسر بربریت کی نشانیاں ہیں ۔