تھنہ منڈی // 10 محرم الحرام کو شاہدرہ شریف علاقے میں عالم اسلام کے بلند پایہ ولی کامل حضرت بابا غلام شاہ بادشاہ مشہدی رحمت اللہ علیہ کا 217 واں سالانہ عرس پاک خطیب راجوری مفتی غلام رسول کی صدارت میں نہایت ہی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔اس تقریب میں بلا تفریق مذہب و ملت ریاست بھر سے عقیدت کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ولی کامل کے سالانہ عرس پاک کے سلسلے میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات کو زیارت شاہدرہ شریف سے متصل جامع مسجد میں شب خوانی، درود و اذکار اور ختمات المعظمات کی روح پرور مجالس کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر محمد طاہر مصطفے ملک ایڈمنسٹریٹر اوقاف اسلامیہ راجوری کے ساتھ ساتھ ضلع بھر سے مختلف علماء ومذہبی سکالروں اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی کئی اہم شخصیات اور مذہبی اسکالروں کے علاوہ عقیدت مندوں کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔ قاری شوکت حسین رضوی نے تلاوتِ کلامِ الٰہی سے پروگرام کا آغاز کیا، جس کے بعد محفلِ حمد و نعت اور مناجات و مناقب اور تقاریر کا سلسلہ بھی رات بھر جاری رہا۔ واضح رہے کہ شاہدرہ شریف میں عرس پاک کی تقریب بدھ کے روز بعد نماز مغرب شروع ہوئی اور جمعرات کو صبح تین بجے ملک کے ساتھ ساتھ یو ٹی جموں کشمیر اور پوری دنیا میں بحالی امن کیلئے خصوصی اور رقت آمیز دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔