سرینگر//گلوبل اسلامک ریسرچ فورم کی طرف سے منگل کو پریس کالونی میںشامی مسلمانوں پرکئے جانے والے مظالم اور معصوم شہریوں اور بچوں کے قتل عام کے خلاف ایک احتجاجی مظاہرہ ہوا۔جس میں ضلع سرینگر کی مختلف مساجد کے علماء و ائمہ کرام نے شرکت کر کے بشار الاسد اور اس کے حلیفوں کے مظالم کے خلاف آواز بلند کی۔ فورم کے صدر مولانا ہلال احمد لون ندوی نے شامی مسلمانوں کے قتل عام کی مذمت کی اور اقوام عالم کو اس قتل عام کو روکنے کی طرف توجہ دینے کی اپیل کی اور کہا کہ اگر ان مظالم کو نہ روکا گیا تو اس آگ کی لپیٹ میں ہر کوئی آئے گا تو اس وقت اس کو کوئی نہیں بجھا سکے گا لہذا اقوام عالم اور بین الاقوامی اداروں کے سربراہان آگے آکر اس قتل عام کو بند کرائے۔انہوں نے کہا کہ سارے مسلمانوں کو متحد ہوکر ظالموں کے خلاف کھڑے ہونے کی اشد ضرورت ہے۔