عظمیٰ نیوزرسروس
سرینگر//سرینگر کے امراض چھاتی ہسپتال کو جلد ہی مکمل طو رپر ڈلگیٹ سے سونہ وار جی بی پنتھ ہسپتال منتقل کیا جائے گا۔ اس بات کااظہار انتظامی سیکرٹری ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر عابد رشید شاہ نے کیا۔انہوں نے کہا کہ عوام کو فراہم ہونی والی صحت سہولیات کے ساتھ کوئی بھی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کا ہر ممکن خیال رکھا جاتا ہے اور جو بھی کوششیں درکار ہے وہ ہم کریں گے ۔ سی این آئی کے مطابق سرینگر کے بمنہ علاقے میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کی مہم کا آغاز کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر عابد رشید شاہ نے کہا کہ مریضوں کو بہتر سے بہتر سہولیات بہم رکھنے کیلئے انتظامیہ سنجیدہ ہے اور اس کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جائیںگے ۔ انہوں نے کہا کہ پورے جموں کشمیر میں مریضوں کو بہتر سہولیات بہم رکھنے کیلئے جموں کشمیر انتظامیہ متحرک ہے اور اس میں کوئی کوتاہی نہیںہو گی اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ کہیں پر بھی مریضوںکو پریشانیوں کا سامنا نہ ہو ۔ ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر عابد رشید شاہ نے کہا کہ سی ڈی اسپتال کو جلد ہی مکمل طو رپر ڈلگیٹ سے سونہ وار منتقل کیا جائے گا اور اس کیلئے اقدامات جاری ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح یہی ہے کہ مریضوں کو بہتر سے بہتر سہولیات دستیاب ہو اور اس کیلئے ہم کوئی بھی لاپرواہی برادشت نہیں کریں گے ۔