سی سی ٹی وی تنصیب کا معاملہ

یواین آئی
سرینگر// شہر سری نگر کے اہم ترین بازاروں میں 19اپریل سے سی سی ٹی وی نصب کرنے کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے تاہم تاجروں نے اس ضمن میں انتظامیہ سے مزید مہلت مانگی ہے ۔ضلع ترقیاتی کمشنر اعجاز اسد کے مطابق جو کہا گیا ہے اس پر عملدرآمد ہونی چاہئے ۔ شہر سری نگر کے اہم تجارتی مراکز میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کے حوالے سے انتظامیہ نے جو ڈیڈ لائن مقرر کی تھی وہ منگل کو ختم ہونے جا رہی ہے ۔تاجروں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ اُنہیں مزید مہلت دی جائے کیونکہ مالی لحاظ سے دکانداروں کو سخت مشکلات کا اس وقت سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔جموں وکشمیر پولیس کی جانب سے بھی دکانداروں کو آگاہی فراہم کی گئی کہ وہ جلدا زجلد سی سی ٹی وی کیمرے نصب کریں بصورت دیگر اُن کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔پیر کے روز سری نگر میں نامہ نگاروں سے مختصر بات چیت کے دوران جب ضلع ترقیاتی کمشنر اعجاز اسد سے سی سی ٹی وی نصب کرنے کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ اس سوال کے جواب میں مجھے وہی کہنا ہے جو آرڈر میں لکھا ہوا ہے ۔اگر چہ ضلع ترقیاتی کمشنر نے اس حوالے سے وضاحت نہیں کی تاہم اتنا ضرور کہا کہ جو حکم نامے میں لکھا گیا ہے اُس پر عمل ہونی چاہئے ۔چونکہ ڈیڈلائن منگل کے روز ختم ہونے جارہی ا ب یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ انتظامیہ کی جانب سے اس حوالے سے کون سی نئی حکمت عملی اپنائی جائے گی۔