نئی دہلی//مرکزی حکومت نے بدھ کو دسویں جماعت کے سی بی ایس ای امتحانات منسوخ کرنے کا فیصلہ کیاجبکہ بارہویں جماعت کے امتحانات ملتوی کئے گئے۔یہ فیصلہ ملک میں کورونا وائرس کے تشویشناک پھیلائو کے پیش نظرکیا گیا۔ حکومت نے کورونا صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے سینٹرل بورڈ آف سکول ایجوکیشن کے زیر تحت لئے جانے والا بارہویں جماعت کا ملتوی کیا۔ یہ فیصلہ وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں لیا گیا۔ مرکزی وزیر تعلیم رمیش پوکھریال نے ایک ٹویٹ میں اس فیصلے کی جانکاری دی۔وزیر موصوف نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ 14مئی سے12ویں جماعت کے بورڈ امتحانات ملتوی کئے گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ یکم جون بھی پھر صورتحال پر غور کیا جائے گا اور جب بھی امتحان کے بارے میں کوئی فیصلہ لیا جائے گا تو اس کیلئے پندرہ روزہ پیشگی نوٹس دیا جائے گا۔مرکزی وزیر تعلیم کے مطابق دسویں کے جو امتحانات4مئی سے14جون تک لئے جانے تھے اْنہیں منسوخ کیا گیا ہے۔