عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//سرحدی ضلع راجوری کے دور دراز علاقوں میں صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے مقصد سے سی آر پی ایف 72 بٹالین نے ہائی سکول لیڈیوٹ، تھنہ گریوٹ میں ایک مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا۔ یہ اقدام مقامی آبادی کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے اور انتظامیہ و عوام کے درمیان مضبوط رشتہ قائم کرنے کی ایک کوشش ہے۔یہ میڈیکل کیمپ کمانڈنٹ جیتندر سنگھ یادو کی قیادت میں منعقد کیا گیا، جبکہ وِنیٹ کمار، سیکنڈ ان کمانڈ 72 بٹالین سی آر پی ایف نے بطور مہمانِ خصوصی افتتاح کیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر راجن چھیتری (میڈیکل آفیسر سی آر پی ایف)، انسپکٹر ستیہ پال سنگھ، ڈاکٹر شیراز مرزا (ڈینٹسٹ) اور نیدہ پروین (سابق سرپنچ گاؤں لیڈیوٹ) نے شرکت کی۔کیمپ میں لیڈیوٹ اور آس پاس کے دیہات سے بڑی تعداد میں مرد و خواتین، بچے اور بزرگ شہری شریک ہوئے۔ شرکاء نے اپنی صحت کی ضروریات کے مطابق مفت طبی مشورے اور ادویات حاصل کیں۔ڈاکٹر راجن چھیتری اور ڈاکٹر شیراز مرزا کی قیادت میں طبی ٹیم نے شرکاء کے مکمل معائنے کئے اور انہیں صحت سے متعلق رہنمائی فراہم کی۔ کیمپ کے دوران بنیادی صحت سے متعلق آگاہی پھیلانے اور ان علاقوں کے پسماندہ عوام کی طبی ضروریات کو پورا کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی۔
میڈیکل کیمپ سے سینکڑوں مقامی افراد کو فائدہ پہنچا۔ شرکاء نے سی آر پی ایف کی اس شاندار کوشش کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایسے میڈیکل کیمپ منعقد کئے جائیں گے۔کیمپ کے دوران مقامی لوگوں نے نہ صرف اپنے مسائل کا اظہار کیا بلکہ سی آر پی ایف کے ساتھ اپنے تعلقات کو مضبوط بنانے پر بھی زور دیا۔ اس اقدام نے مقامی آبادی کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے علاوہ ان کے مسائل کے حل کے لئے انتظامیہ کے ساتھ رابطے کا ذریعہ بھی بنایا۔یہ کیمپ سی آر پی ایف کی عوامی خدمت کے جذبے کی ایک عمدہ مثال ہے، جس نے مقامی کمیونٹی کو درپیش طبی چیلنجز کو حل کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ مقامی آبادی نے حکومت اور دیگر اداروں سے اپیل کی کہ وہ بھی ایسے اقدامات کریں تاکہ دور دراز علاقوں کے لوگ صحت کی بہتر سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔