سرینگر/سی آر پی ایف کانوائے کو سرینگر ۔جموں شاہراہ پر بانہال علاقے میں نشانہ بنانے کی کوشش کرنے والے مشتبہ جنگجو کو گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع نے سوموار کو کہا کہ گرفتار شدہ سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ سنیچر کو بانہال کے ٹیتھر علاقے میں ایک کار کے اندر زور دار دھماکہ ہوا جس سے اس کار کے پر خچے اُر گئے۔اس دھماکے کے وقت شاہراہ پر نزدیک سے ہی سی آر پی ایف کی کانوائے گذر رہی تھی۔
اس کار کا ڈرائیور جائے واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہوا تھا۔
پولیس ذرائع نے کہا کہ تباہ شدہ کارکے معائینہ کے بعد پتہ چلا کہ اس میں ایک گیس سیلنڈر کے ساتھ ساتھ دھماکہ خیز مواد تیار کرنے کیلئے ضروری پیٹرول،جلیٹین، یوریا اور سلفر بھی تھا۔
پولیس ذرائع نے کہا کہ اس کے فوراً بعد گاڑی سے فرار شدہ مبینہ جنگجو کی تلاش شروع کی گئی تھی جس کو آج صبح گرفتار کیا گیا۔
ذرائع نے تاہم گرفتار شدہ کی شناخت ظاہر نہیں کی اور نہ یہ بتایا کہ اُسے کہاں سے گرفتار کیا گیا ہے۔
قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) بانہال دھماکے کے کیس کی تحقیقات میں مدد کررہی ہے۔