عظمیٰ نیوز سروس
ادھم پور //آئندہ امرناتھ یاترا سے پہلے سخت حفاظتی انتظامات کے پیش نظر ضلع پولیس لائنز، ادھم پور میں ایک ذیلی ملٹی ایجنسی سینٹر (SMAC) کا اجلاس منعقد ہوا۔سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس ادھم پور، ایس ایچ جوگندر سنگھ نے اس میٹنگ کی صدارت کی، جس نے ضلع ادھم پور میں ملک دشمن سرگرمیوں کا مقابلہ کرنے کے لئے قابل عمل معلومات کے بروقت اشتراک پر زور دیا۔ایس ایف اور انٹیلی جنس گرڈ کے سینئر افسران نے میٹنگ میں شرکت کی، سیکورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا اور دہشت گردی اور اس کے معاون ڈھانچے کو ختم کرنے کے لئے زیادہ مربوط اور ہم آہنگی کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت کو اجاگر کیا۔سیکورٹی کے منظر نامے، امن و امان کی صورتحال، دہشت گردوں کی نقل و حرکت اور موجودگی، عسکریت پسندی کو بحال کرنے کی کوششوں، زمینی کارکنوں پر نگرانی، ہتھیار ڈالنے والے عسکریت پسندوں، لاپتہ نوجوانوں اور پی او کے میں ان کی موجودگی اور نوجوانوں کی بنیاد پرستی کے بارے میں اہم بات چیت ہوئی۔میٹنگ کے دوران امرناتھ یاتریوں کے لئے حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے تفصیلی بات چیت کی گئی اوریاتریوں کی محفوظ اور پریشانی سے پاک نقل و حرکت کو یقینی بنانے کے لئے ٹریفک پلان کا بھی جائزہ لیا۔شریک افسران نے امن و امان کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ انسداد دہشت گردی گرڈ پر اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں معلومات اور تاثرات کا اشتراک کیا۔اے این ای کی اندرونی سرگرمیوں، ان کے طریقہ کار اور منشیات، اسلحہ اور گولہ بارود کی اسمگلنگ اور اس میں ملوث افراد کے خلاف ایک مناسب روڈ میپ تیار کیا گیا۔اس میٹنگ میں فوج، سی آر پی ایف، سی آئی ایس ایف، بی ایس ایف، ایس بی، آئی بی، سی آئی ڈی، ایم آئی اور ضلع ادھم پور کے تمام پولیس سپروائزری افسران کے نمائندوں نے شرکت کی۔