عشرت حسین بٹ
منڈی// تحصیل صدر مقام منڈی میں مذہبی رہنماؤں نے انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہا کہ منڈی کے سیکلو علاقہ میں شراب کی دکان نہ کھولی جائے۔اس سلسلہ میں منڈی میں ایک پریس کانفرنس کی گئی جس میں سبھی مسلک سے تعلق رکھنے والے علما ء نے شرکت کر کے منڈی تحصیل کے سیکلو علاقہ میں سرکاری لائسنس پرسیکلو علاقہ میں شراب کی دکان نہ کھولنے کا مطالبہ کیا ۔
اس موقع پر امام مرکزی جامعہ مسجد آعلی پیر منڈی شاہد بخاری ،جامعہ مسجد المصطفے منڈی کے امام و خطیب مولانا شخ سعید حیدر امام جمعہ و جماعت جامعہ مسجد جماعت رضا مصطفے جامعہ مسجد منڈی مولانا سید فاضل اور مسجد قاسمی منڈی کے خطیب نے خطاب کرتے ہوئے سرکار سے اپیل کی کہ وہ منڈی سیکلو کے مقام پر شراب کی دوکان کو ہر گز کھولنے کی اجازت نہ دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف سرکار کی جانب سے نشہ مکت بھارت کے بلند و بالا نعرے لگائے جا رہے ہیں تاکہ نوجوان نسل کو نشہ کی لت سے دور رکھا جائے اور دوسری طرف سرکار کی جانب سے شراب خانوں کے لائسنس جاری کئے جارہے ہیں ۔علماء کا کہنا تھا کہ سرکار کو چاہیے کہ وہ شراب خانے کھولنے کے بجائے عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی جانب دھیان دے ۔
انہوں نے کہاکہ شراب خانہ کھولنے کی وجہ سے نوجوان نسل کا مستقبل خراب ہوسکتا ہے ۔انہوں نے انتباہ دیتے ہوئے کہاکہ اگر مذکورہ مقام پر شراب کی دکان کھولی گئی تو اس سلسلہ میں احتجاج شروع کردیا جائے گا ۔