سیکریٹری سیاحت کاسمبل میں عوامی دربار ’بانڈی پورہ ضلع مجموعی ترقی کی راہ پر گامزن‘

 لوگوں اور پنچایتی راج نمائندوں کے مطالبات کے بَروقت اَزالہ کی یقین دہانی

عازم جان

بانڈی پورہ//سیکرٹری سیاحت و ثقافت ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ نے یہاں ڈاک بنگلہ سمبل بانڈی پورہ میں عوامی دربار و شکایتی ازالہ کیمپ کی صدارت کی اور لوگوں کی شکایات اور مطالبات کا جائزہ لیا۔اِس موقعہ پرچیئرمین ضلع ترقیاتی کونسل بانڈی پورہ عبدالغنی بٹ، ڈی ڈی سی ممبران، اے ڈی ڈی سی بانڈی پورہ محمد اشرف حکاک، اے ڈی سی بانڈی پورہ عمر شفیع، اے سی آر بانڈی پورہ شبیر احمد، جے ڈی پلاننگ اِمتیاز احمد، ایس ڈی ایم سنبل عامر چودھری، ڈی آئی او بانڈی پورہ بلال احمد میر کے علاوہ مختلف وفود کے نمائندے بھی موجود تھے۔سیکرٹری سیاحت کو ضلع کی مجموعی ترقیاتی صورتحال کے بارے میں جانکار ی دی گئی۔

 

چیئرمین کو بتایا گیا کہ ضلع مجموعی ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔عوامی دربار میںمعاشرے کے تمام طبقات کی جانب سے زبردست ردِّعمل دیکھنے میں آیا جہاں لوگوں نے ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اوراُن کے حل کے لئے مداخلت کی درخواست کی۔چیئرمین ڈی ڈی سی نے علاقے میں اِضافی فائر سروس سٹیشن ، بجلی کی فراہمی کی دیکھ ریکھ ، تعلیم ، آفات اور آفات سے پیدا ہونے والے ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لئے کیپکس سے بچ جانے والے فنڈز کا اِستعمال وغیرہ سمیت مطالبات کی ایک یادداشت پیش کی ۔ڈی ڈی سی کے وفد نے سنبل اور حاجن کے کچھ علاقوں کو سیاحتی نقشے پر لانے کا مطالبہ کیا۔ڈی ڈی سی اور بی ڈی سی کے ممبران نے اَپنے علاقوں سے متعلق مسائل جیسے سڑک رابطہ، آبی ذخائر کے قریب سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لئے مضبوط طریقہ کار وضع کرنا، بے زمین کنبوں کے لئے زمین، خالی اَسامیوں کو پُر کرنا، سی ایچ سی سنبل میں بلڈ بینک کے مطالبات، حاجن میں کالج کی عمارت کی جلد تکمیل مسائل کو بھی پیش کیا۔سیکرٹری سیاحت نے ڈی ڈی سی ممبر ڈاکٹر غلام مصطفی کی طرف سے پیش کی گئی شکایات پر بھی توجہ دِی جنہوں نے ضلع میں ریلوے کنکٹویٹی کی مانگ کو پیش کرنے اوررات کے اَوقات میں ڈی ایچ بانڈی پورہ میں ایک سرجن ماہر کی تعیناتی کا مطالبہ کیا۔سیکرٹری نے ڈویژن کے کچھ علاقوں کو سیاحتی نقشے پر لانے کے مطالبات کا جواب دیتے ہوئے اس معاملے کو جلد حل کرنے کی یقین دہانی کی۔ڈاکٹر سیّد عابدرشید شاہ نے مقامی لوگوں پر زور دیا کہ وہ سیاحوں کے لئے ہوم سٹے تیار کریں تاکہ خطے میں روزگار کے مواقع پیدا کئے جاسکیں۔سرپنچوں کے وفد نے اَپنے مسائل اور مطالبات بھی پیش کئے جن میں پنچایتوں میں وی ایل ڈبلیو، جے ایز میں عملے میں اِضافہ کے علاوہ تکنیکی عملہ بھی شامل ہے ۔سیکرٹری سیاحت نے لائن ڈیپارٹمنٹوں سے بات چیت کرتے ہوئے وسائل کا زیادہ سے زیادہ اِستعمال کرتے ہوئے عوامی اہمیت کے مسائل کو حل کرنے کے لئے مقررہ وقت میں ازالے کا طریقہ کار اَپنانے پر زور دیا۔سیکرٹری نے اِندرکوٹ سنبل میں پانی کے بحران کے مسئلے کا جواب دیتے ہوئے ہدایت دی کہ علاقے میں پانی کے بحران کو حل کرنے کی خاطر پائپ بچھانے کے لئے پی ایچ اِی سنبل کو محکمہ آر اینڈ بی سے سڑک کی کٹوتی کے لئے این او سی جاری کیا جائے۔اُنہوں نے ایس اِی پی ڈی ڈی کو سنبل میں رسیونگ سٹیشن کے اِفتتاح اورکمیشن کو 15 دِنوں کے اندر یقینی بنانے کی ہدایت بھی دی تاکہ علاقے میں بجلی کی فراہمی میں اضافہ کیا جاسکے۔ڈاکٹرسیّد عابدرشید شاہ نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے مطالبات کو متعلقہ محکموں کے نوٹس میں لایا جائے گا اور اُنہیںمناسب کارروائی اور ان کی شکایات کے بروقت ازالہ کی یقین دہانی کی۔سیکرٹری سیاحت نے کہا کہ پبلک دربار عوام اور اِنتظامیہ کے درمیان مواصلاتی خلأ کو کم کرنے اورمجموعی سطح سے براہ ِراست جائزہ حاصل کرنے کا ایک پلیٹ فارم ہے۔ڈاکٹرسیّد عابدرشید شاہ نے ضلع کی مجموعی ترقی پر ضلعی اِنتظامیہ کومُبارک باد دی۔سیکرٹری نے بانڈی پورہ کو ترقیاتی منظر نامے میں سرفہرست لانے پر ڈی ڈی سی ، بی ڈی سی اور پی آر آئی کو بھی مُبارک باد دی۔