محتشم احتشام
پونچھ// سیوا پَرو کے تحت میونسپل کونسل پونچھ کی جانب سے دو اہم پروگرام منعقد ہوئے جن میں ’’ایک گھنٹہ ایک ساتھ‘‘ صفائی مہم اور ’’انگیکار‘‘ (پی ایم اے وائے-یو شہری میلہ) شامل تھے۔ اس موقع پر ایم ایل اے پونچھ حویلی اعجاز احمد جان مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے۔اس دوران میونسپل کونسل کے عملے، صفائی کرمچاریوں اور سول سوسائٹی کے اراکین نے صفائی مہم چلائی اور عوام میں صفائی کی اہمیت اجاگر کی۔ بعد ازاں ’’انگیکار‘‘ پروگرام میں ایم ایل اے نے پی ایم اے وائے-یو اسکیم کے مستفیدین سے ملاقات کی، دو نئے تعمیر شدہ مکانات کی چابیاں تقسیم کیں اور صفائی کرمچاریوں میں یونیفارم بھی بانٹے۔اپنے خطاب میں اعجاز احمد جان نے میونسپل کونسل پونچھ کے عملے، صفائی کرمچاریوں اور سی ای او پونچھ خلیل بانڈے کی خدمات کو زبردست انداز میں سراہا۔ انہوں نے کہا کہ صفائی اور شہری ترقی کے منصوبوں کی کامیابی میں ان سب کی انتھک محنت اور جذبہ قابلِ تحسین ہے۔ ایم ایل اے نے مزید یقین دلایا کہ شہری ترقیاتی اسکیموں کو مضبوط کرنے اور پی ایم اے وائے-یو کی بہتر عمل آوری کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔تقریب میں میونسپل کونسل کے سابق صدور، نائب صدران اور سابق کونسلرز نے بھی شرکت کی جس سے پروگرام کی رونق میں اضافہ ہوا۔عوامی نمائندوں اور شہریوں کی بھرپور شرکت نے اس بات کو واضح کیا کہ پونچھ کے لوگ مشترکہ کاوشوں سے صفائی اور ترقی کی مہم کو کامیاب بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔