عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ //سیوا پَرو کی جاری تقریبات کے سلسلے میں، جو 17 ستمبر سے شروع ہو کر 2 اکتوبر تک جاری رہیں گی، میونسپل کونسل پونچھ نے اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (SDRF) پونچھ کے اشتراک سے جامعہ ضیاء العلوم ہائر سیکنڈری اسکول پونچھ میں ایک ایمرجنسی پریپیئرڈنس پروگرام کا انعقاد کیا۔اس پروگرام کا مقصد طلباء اور اسکول عملے میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کی آگاہی اور صلاحیت میں اضافہ کرنا تھا تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں بروقت اور مؤثر ردعمل دیا جا سکے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر میونسپل کونسل پونچھ، خلیل اے. بندے نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں ایک ایسے کلچر کی ضرورت ہے جو حفاظت اور لچک کو فروغ دے۔ انہوں نے زور دیا کہ بروقت تیاری اور درست حکمتِ عملی ہی زندگیوں کو محفوظ بنا سکتی ہے۔ایس ڈی آر ایف کے انسپکٹر مسعود احمد، انسٹرکٹر شبیر حسین اور دیگر ٹیم اراکین نے پروگرام میں خصوصی لیکچرز دیے اور طلباء کے ساتھ عملی مظاہرے بھی کئے۔ ان مظاہروں میں دل کا دورہ پڑنے کی صورت میں فوری اقدامات، گیس سلنڈر سے لگنے والی آگ پر قابو پانے کے طریقے، اور عمارت کی بالائی منزل سے افراد کو محفوظ طریقے سے باہر نکالنے کی عملی مشقیں شامل تھیں۔یہ عملی مظاہرے طلباء اور عملے کے لئے انتہائی معلوماتی اور مفید ثابت ہوئے اور شرکاء نے کہا کہ ایسے پروگرام انہیں زندگی بچانے والی مہارتیں سکھاتے ہیں جو کسی بھی ایمرجنسی میں کارآمد ثابت ہو سکتی ہیں۔