مظفر آباد//حزب المجاہدین سربراہ سید صلاح الدین نے سیف الاسلام کو تحریک آزادی کا درخشندہ ستارہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موصوف آخری سانس تک ڈٹے رہے اور آزادی کشمیر کیلئے ذبح ہونا قبول کیا لیکن زندگی کی بھیک ما نگنازندگی کی توہین سمجھا۔حزب ترجمان سلیم ہاشمی کی طرف سے موصول ایک بیان کے مطابق صلاح الدین آپریشنل کمانڈر سیف الاسلام کی یاد میں ایک تعزیتی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔صلاح الدین نے کہا کہ 3اپریل 2003کو کمانڈر سیف الاسلام کو زیر حراست تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد ذبح کیا گیا۔بیان کے مطابق ان کے جسم کو جگہ جگہ نوچا گیا تھا تاہم حسینی مشن پر چلنے والے اور کربلا سے بالاکوٹ تک کی تاریخ دیکھنے والوں کیلئے دشمن اور اس کے ایجنٹوں کی یہ انتقام گیری کوئی معنی نہیں رکھتی۔انہوں نے کہا کہ سیف الاسلام کے خون کے ہر قطرے نے برہان مظفر وانی پیدا کئے۔صلاح الدین نے کہا کہ سیف الاسلام ایک مدبراورعسکری امور کے ماہر کے طور پر جانے جاتے تھے ۔وہ عشق الٰہی اور عشق آزادی سے منور تھے۔تعزیتی تقریب سے حزب کے نائب امیر سیف اللہ خالد اور تاج علی شاہ نے بھی خطاب کیا ۔سیف اللہ خالد نے کہا کہ سیف الاسلام کی قربانی ضائع نہیں ہوئی بلکہ تحریک آزادی کو مزید مہمیز ملی ۔