عظمی نیوز سروس
لداخ//ٹیلی مواصلات خدمات فراہم کرنے والی کمپنی ریلائنس جیو نے دنیا کے بلند ترین محاذِ جنگ سیاچن گلیشیر پر اپنی 5جی سروس شروع کر دی ہے ۔ ہندوستان کی فوج کی ‘فائر اینڈ فیوری کورپس’ نے ایک ٹویٹ کے ذریعے اس کی معلومات فراہم کیں۔ فوج کے مطابق، جیو ٹیلی کام اور ہندوستانی فوج نے مل کر سیاچن گلیشیر پر پہلا 5جی موبائل ٹاور کامیابی سے قائم کر دیا ہے ۔ یہ ٹاور سیاچن کی ایک اگلی چوکی پر لگایا گیا ہے ۔15 جنوری کو یوم افواج سے ٹھیک پہلے سیاچن گلیشیر پر 4جی اور 5جی سروس کا آغاز کرتے ہوئے جیو نے ایک بے مثال کامیابی حاصل کی ہے ۔ سیاچن گلیشیر پر سروس شروع کرنے والا جیو ملک کا پہلا آپریٹر بن گیا ہے ۔ فوج نے اسے شاندار کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ “یہ ناقابل یقین حصولیابی ہمارے بہادر سپاہیوں کے نام ہے جو مشکل حالات میں تعینات رہ کر اس چیلنج کو پورا کرتے ہیں۔”اتنی بلندی پر ٹاور لگانا انتہائی مشکل رہا۔ فوج نے رسد اور عملے کے افراد کی حفاظت کو یقینی بنایا، جبکہ جیو نے اپنی دیسی فل اسٹیک 5جی ٹیکنالوجی کا استعمال کیا۔ فائر اینڈ فیوری سگنلرز اور سیاچن کے سپاہیوں نے جیو کی ٹیم کے ساتھ مل کر شمالی گلیشیر میں 5جی ٹاور قائم کیا ہے ، جہاں درجہ حرارت -40 ڈگری سیلسیس سے بھی نیچے چلا جاتا ہے ۔