عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پیر کو کہا کہ دفعہ370 منسوخ کرنے کے بارے میں سپریم کورٹ کے فیصلے سے پہلے کسی کوخانہ نظربندنہیں کیا گیااور نہ کسی کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔انہوں نے واضح کیاکہ گرفتاری کی کوئی بھی رپورٹ’مکمل طور پر بے بنیاد‘ ہے۔منوج سنہا نے یہ بات اس وقت کہی جب پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے دعویٰ کیا کہ پارٹی صدر محبوبہ مفتی کو سپریم کورٹ کے فیصلے سے قبل پیر کوخانہ نظر بند کر دیا گیا ۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جموں میں نامہ نگاروں کو بتایاکہ یہ بالکل بے بنیاد ہے۔ پورے جموں و کشمیر میں کسی کوگرفتار یا خانہ نظر بند نہیں کیا گیا ۔ انہوںنے کہاکہ یہ افواہ پھیلانے کی کوشش ہے۔منوج سنہا نے کہا کہ وہ پوری ذمہ داری کے ساتھ کہہ رہے ہیں کہ جموں و کشمیر میں کہیں بھی سیاسی وجوہات کی بناء پر کسی کوگرفتاریا نظربند نہیں کیا گیاہے۔