سرینگر//جماعت اسلامی نے حکومت کی جانب سے مسلم دینی محاذ کے سربراہ ڈاکٹر محمد قاسم فکتو، ڈاکٹر محمد شفیع شریعتی اور دیگر قیدیوں کی جموں کے دور دراز جیلوں میں منتقلی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس طرح کی کارروائی کو قیدیوں کے بنیادی حقوق کی صریح خلاف ورزی سے تعبیر کیا ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سنٹرل جیل سرینگر سے قیدیوں کی منتقلی اصل میں کشمیر یوں کی مبنی برحق جدوجہد کو ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت دبانے کی ایک کوشش ہے۔کشمیری قیدیوں کے ساتھ نظریاتی بنیادوں اور سیاسی عناد کی بنیاد پر نارروا سلوک اور ان کے بنیادی حقوق کو پامال کیا جارہا ہے۔ یہاں کے مظلوم اور امن پسند عوام کا جرم بس اتنا ہے کہ وہ اپنے غصب شدہ حق’’حق خودارادیت‘‘ کی بازیابی کا جمہوری اور پُرامن طور پر مطالبہ کرتے ہیںجو اقوام متحدہ سمیت بھارت کی قیادت نے بھی اقوام عالم کے سامنے تسلیم کیا ہوا ہے۔ مگر آج سات دہائیاں گزرنے کے باوجود بھی بھارت کی قیادت نوشتہ دیوار پڑھنے کے بجائے یہاں کے مظلوم عوام کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نپٹ رہی ہے مگر کشمیری عوام ان بے پناہ مظالم کے باجوود بھی اپنا حق حاصل کرکے رہی گی۔ دریں اثناء بیان میں کہا گیا ہے کہ سرکاری فورسز نے گزشتہ رات حاجن میں مختلف چھاپوں کے دوران نوجوانوں سمیت ایک75سالہ بزرگ ثناء اللہ بٹ کو گرفتار کرلیا ہے جس کی جماعت اسلامی کڑی الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ گرفتاریوں کے لامتناہی سلسلہ کو فوراً بند کیا جائے۔اس دوران مسلم لیگ جموں کشمیرنے ڈاکٹر محمد قاسم فکتواورڈاکٹر محمد شفیع شریعتی کو سینٹرل جیل سرینگر سے ادھم پور اور ہیرا نگر جموں منتقل کرنے کی شدید الفاظ میں مزمت کرتے ہوئے اسے سیاسی عناد قرار دیا ہے۔لیگ ترجمان سجاد ایوبی نے کہا کہ دونوں قیدیوں کے علاوہ باقی عمر قیدی جو گذشتہ دنوں جموں منتقل کئے گئے ہیں کے بارے میں لیا گیا فیصلہ عقل سے بعید ہونے کے ساتھ ساتھ نہ صرف غیرقانونی ہے بلکہ یہ صرف اور صرف سیاسی نوعیت کا ہے جس سے یہ مکمل طور ثابت ہوگیا کہ ناگپور سے احکامات حاصل کر کے پی ڈی پی نے تمام حدوں کو پھلانگ کر ایک بدترین مثال قائم کردی ہے۔اس دوران حریت کانفرنس جے کے کنوینر اور مسلم کانفرنس کے چیئرمین شبیر احمد ڈار، محاز آزادی کے صدر محیاقبال میر اور ینگ مینز لیگ کے چیئرمین امتیاز احمد ریش ،انٹرنیشنل فورم فار جسٹس کے چیئرمین محمد احسن آنتوں اور تحریک استقامت کے چیئرمین غلام نبی وار نے مزاحمتی قائدین محمد قاسم فکتو، محمد شفیع شیرینی اور دوسرے قائدین کی سرینگر سینٹرل جیل سے جموں منتقلی پر زبردست برہمی کا اظہار کرتے ہوے اسے انتقام گیری سے تعبیر کیا ہے۔