نیوز ڈیسک
نئی دہلی//الیکشن کمیشن آف انڈیا نے کہا ہے کہ جوابدہی اور شفافیت بڑھانے کیلئے عوامی نمائندہ جماعتوں کیلئے نقد عطیات کی حد مقرر کی جانی چاہئے ۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ عطیات کی حد 20 ہزار سے کم کرکے دو ہزار روپے کردی جائے ۔ انتخابی کمیشن چاہتا ہے کہ سیاسی جماعتوںکیلئے نقد عطیات کی حد مقرر کی جائے۔ وزیر قانون کرن ریجوجو کو لکھے گئے ایک خط میں چیف انتخابی کمشنر راجیوکمار نے شفافیت اور جوابدہی بڑھانے کیلئے عوام کی نمائندگی سے متعلق قانون میں کچھ ترامیم کی تجویز پیش کی ہے۔ انتخابی ادارے نے ایسے سیاسی عطیات کی حد 20 ہزار روپے سے کم کر کے 2 ہزار کرنے کی تجویز رکھی ہے، جن کے وسیلے کے بارے میں کچھ پتہ نہ ہو اور کسی بھی پارٹی کی جانب سے حاصل کیے گئے نقد عطیات کی حد کْل رقم کا 20 فیصد یا زیادہ سے زیادہ 20 کروڑ روپے کرنے کی مانگ کی ہے۔ کمیشن نے یہ بھی مشورہ دیا ہے کہ ہر امیدوار کو انتخابی مقاصد کیلئے ایک علیحدہ بینک کھاتا کھولنا چاہئے،اس کھاتے سے سبھی اخراجات کرنے چاہئیں اور انتخابات سے متعلق اخراجات میں اس کھاتے کی تفصیلات پیش کرنی چاہئیں۔