نیوز ڈیسک
جموں //جموں و کشمیر انتظامیہ نے حالیہ دنوں میں چنیدہ(ٹارگٹ) ہلاکتوں کے سلسلے کے پیش نظر سرینگر کے ہوٹلوں میں ’’محفوظ افراد‘‘کو رہائش دینے کی پیشکش کی ہے۔ حکام نے جمعرات کو کہا کہ خطرے کے مختلف درجات کے لوگ، جن میں سے زیادہ تر سیاسی رہنما ہیں، نے لیفٹیننٹ گورنر کی زیرقیادت انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ انکی حفاظت کو یقینی بنائے،اس مقصد کے لیے جموں و کشمیر پولیس کے سیکورٹی ونگ نے ایک نوٹس جاری کیا ہے جس میں ہوٹلوں اور گیسٹ ہائوسز سے اپنے احاطے کرائے پر لینے کی پیشکش کی گئی ہے۔نوٹس میں محکمہ سیاحت کے ساتھ رجسٹرڈ نجی ہوٹلوں اور گیسٹ ہاوس مالکان سے “مطلوبہ دستاویزات” کے ساتھ پیشکشیں مانگی گئی ہیں۔اس میں کہا گیا ہے کہ ان کمروں کو صرف اس وقت کرایہ پر لیا جائے گا جب وہ ضروری سیکورٹی کلیئرنس حاصل کرلیں اور سیکورٹی ٹیم کے ذریعہ جسمانی معائنہ کروائیں۔چند سال پہلے، سرینگر میں سیکورٹی ونگ کے ذریعہ بہت سے ہوٹلوں، گیسٹ ہائوسز اور پرائیویٹ ہاوسزکرائے پر دیے گئے تھے تاکہ ان کی جانوں کو لاحق خطرے پر غور کیا جاسکے۔