زاہد بشیر
گول//ضلع رام بن کے گول سب ڈویژن کے سیاحتی مقام راما کنڈ میںپہلا اور تاریخی میلے کا انعقاد ہوا جس میں ضلع رام بن ، ضلع ریاسی ، جموں ، وادیٔ کشمیر سے لوگوں کی بھاری تعداد میں شرکت کی ۔ اس میلے کا انعقاد گول میلہ کمیٹی نے کی جس کا افتتاح ڈی ڈی سی چیر پرسن ڈاکٹر شمشادہ شان نے کیااور پُر کشش راما کنڈاکے چراگاہوں سے ٹریکنگ مہم کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ اس موقعہ پرضلع ترقیاتی کمشنر رام بن بصیر الحق چوہدری مہمان خصوصی کے طور پر موجود تھے ۔ میلے میں ضلع و سب ڈویژن سطح کے آفیسران ایس ڈی ایم گول پاون گوسوامی ، ایس ڈی پی او گول نہار رنجن ،تحصیلدار گول و دیگر آفیسران بھی موجود تھے ۔اس تقریب میں ڈوگری، کشمیری، گوجری، پہاڑی اور پنجابی سمیت مختلف زبانوں میں ثقافتی پرفارمنس کا مظاہرہ کیا گیا، جو خطے کے لسانی تنوع اور ثقافتی دولت کی عکاسی کرتا ہے۔ اس تقریب میں ضلع رام بن اور ضلع ریاسی کے مختلف اسکولوں کے بچوں نے شرکت کی جنہوں نے رنگا رنگ پروگرام پیش کئے ۔ وہیں اس موقعہ پر میلے میں محکمہ جات کے علاوہ دکانداروں نے بھی اسٹال لگائے ۔ ڈی ڈی سی چیر پرسن و ضلع ترقیاتی کمشنر نے یہاں پر محکمہ جات کی جانب سے و دکانداروں کی طرف سے لگائے گئے اسٹالوں کا بھی جائزہ لیا ۔ اپنے خطاب میں چیئرپرسن نے میلہ کمیٹی اور سب ڈویژنل انتظامیہ کو کامیابی سے منعقد کرنے پر سراہا۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ اور ٹورازم ڈیولپمنٹ حکام پر زور دیا کہ وہ رام کنڈا کو ایڈونچر اور سرمائی کھیلوں کے مقام کے طور پر تیار کریں، اور زائرین کی سہولت کے لیے اس مقام پر بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر رام بن نے روشنی ڈالی کہ یہ تقریب سیاحت، ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور گول میں کمیونٹی کے جذبے کو فروغ دینے میں ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ گول کی عوام اور سب ڈویژنل انتظامیہ مقامی ثقافت اور اتحاد کو بڑھانے کے لیے ایسے اقدامات جاری رکھنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ پرجوش مقامی شرکت کو مدنظر رکھتے ہوئے قومی سطح پر سیاحتی مقام کو فروغ دینے کے لیے اسی مقام پر اسپورٹس میٹ کا انعقاد کیا جائے گا۔ قبل ازیں چیئرپرسن اور ڈپٹی کمشنر نے مختلف محکموں اور مقامی لوگوں کی جانب سے لگائے گئے سٹالز کا معائنہ بھی کیا۔اس موقعہ پرجموںو کشمیر ریٹائرڈ پولیس ایسو سی ایشن (پرانگ) کے چیر مین غلام حسن زریر کے علاوہ دیگرپرانگ کے لوگ بھی موجود تھے جنہوں نے اس میلے کے انعقاد کرنے میں کافی تعاون پیش کیا اس موقعہ پر پرانگ کے مقررین نے وادیٔ گول کے حسن کی جہاں تعریف کی وہیں انہوں نے انتظامیہ و سیاسی لیڈران کو بھی لتاڑا ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے خوبصورت حسین وادیوں میں سرکار وانتظامیہ کی جانب سے کوئی تعمیر و ترقی دیکھنے کو نہیں مل رہی ہے جو قابل افسوس ناک بات ہے ۔پرانگ کے مقررین نے گورنر انتظامیہ بالخصوص ناظم محکمہ سیاحت سے اپیل کی کہ وہ گول کو سیاحتی نقشے پر لانے میں کلیدی رول ادا ہیں ۔گول میلے کے ممبران کمیٹی میں پیس اینڈ ویلفیئر کمیٹی کے صدر وضلع صدر پرانگ عبدالرشید بیگ، مقامی سماجی کار کن گلزار احمد وانی ، گلزار احمد شان ، سابق سرپنچ جاوید احمد شان ، سابق سرپنچ گلزار احمد تراگوال، نوجوان سماجی کار کن محبوب المختیار بٹ ، مقامی صحافی نمائندہ کشمیر عظمیٰ زاہد بشیر شامل تھے جنہوں نے اس میلے کی بنیادڈالتے ہوئے اس کی باگ ڈور سنبھالی اور پہلے و تاریخی میلے کا انعقاد کیا ۔ پروگرام کے اختتام پر عبدالرشید بیگ نے شکریہ کی تحریک پیش کی ۔