عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//کمشنر سیکرٹری سیاحت یشا مدگل نے کل سول سیکرٹریٹ میں ہائوس بورٹ اونرس ایسو سی ایشن کے مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں ڈائریکٹر ٹوراِزم کشمیر، ڈائریکٹر پلاننگ ٹورازم ڈیپارٹمنٹ، ایڈیشنل سیکرٹری، ڈپٹی سیکرٹری اور ہاؤس بوٹ مالکان کے نمائندوں نے شرکت کی۔سیکرٹری سیاحت نے کہا کہ حکومت شراکت داروں کے مفادات کو فروغ دینے کے لئے پُرعزم ہے اور ہاؤس بوٹ مالکان فریم ورک میں کلیدی شراکت دار ہیں۔یشامدگل نے شراکت داروں اور محکمہ کے مشترکہ اقدامات کو سیاحت کی کامیابی کا سہرا دیتے ہوئے کہا کہ مسائل پر مستقل اور منظم مشاورت ہی سیاحتی شعبے کے معیار کو بہتر بنانے اور حل تلاش کرنے کا طریقہ ہے۔اِس سیشن نے اوپن ڈائیلاگ کی سہولیت فراہم کی جس میں ہاؤس بوٹ نمائندوں نے ہاؤس بوٹوںکے تحفظ اور سنگل ونڈو سسٹم کے تحت اَپنے کاروبار کو دیر پا طریقے سے چلانے کے لئے ایک جامع پالیسی مرتب کرنے پر زور دیا۔