یو این آئی
دبئی//انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سابق ہندوستانی اوپنر وریندر سہواگ، ہم وطن خاتون کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ڈیانا ایڈولجی اور سری لنکا کے بلے باز اراوندا ڈی سلوا کو آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل کیا ہے۔ آئی سی سی نے پیر کو تینوں کھلاڑیوں کو ہال آف فیم میں بطور ممبر شامل کرنے کا اعلان کیا۔ ان تینوں کھلاڑیوں کو وانکھڑے سٹیڈیم میں بدھ کو ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے ورلڈ کپ 2023 کے پہلے سیمی فائنل سے پہلے اس اعزاز سے سرفراز کیا جائے گا۔ ایڈولجی ہال آف فیم میں شامل ہونے والی پہلی ہندوستانی خاتون کرکٹر ہیں۔اپنی کامیابی پر تبصرہ کرتے ہوئے ایڈولجی نے کہا ’’میں آئی سی سی ہال آف فیم 2023 کے لیے اپنا نام منتخب کرنے پر آئی سی سی اور جیوری کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گی۔
یہ کامیابی انجام دینے والی پہلی ہندوستانی خاتون کرکٹر بننا میرے لیے یقیناً بڑے اعزاز کی بات ہے۔ یہ نہ صرف میرے لیے، میرے خاندان، دوستوں کے لیے بلکہ بی سی سی آئی اور ہندوستانی خواتین کرکٹ کے لیے بھی فخر کی بات ہے‘‘۔بائیں ہاتھ کی بالر ایڈولجی نے ہندوستان کے لیے 20 ٹیسٹ اور 30 ون ڈے کھیلے ہیں اور ان کے نام 107 بین الاقوامی وکٹ ہیں۔ اس کے بعد وہ ایک کامیاب کرکٹ ایڈمنسٹریٹر بھی بن گئیں اور وہ فی الحال ریٹائرڈ ہندوستانی خاتون کرکٹرز کے روزگار کے مواقع بڑھانے کے سلسلے میں کام کرتی ہیں۔آئی سی سی نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ’’ایڈولجی کی شراکت میدان سے باہر اس سے زیادہ رہی ہے اور انہوں نے دہائیوں کے دوران ہندوستان میں خاتون کی کرکٹ کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے‘‘۔