جموں //ریاستی قانون ساز اسمبلی کی پٹیشنز کمیٹی کی ایک میٹنگ آج ممبرا سمبلی چودھری سکھ نندن کمار کی صدارت میں منعقد ہوئی ۔ میٹنگ میں کمیٹی کی 2015-16ء کی رپورٹ کی سفارشات اور عمل آوری پر تبادلہ خیال ہوا۔ یہ رپورٹ راجکمار شرما زیر سکونت میران صاحب جموں کی نسبت سے اراضی کے ایک کیس کو حل کرنے پر مبنی ہے۔میٹنگ میں محکمہ مال کی طرف سے تحریری جواب داخل کئے جانے کے معاملے پر تبادلہ خیال ہوا۔میٹنگ میں الطاف احمد وانی، راجیو جسروٹیہ ، جیون لال ، یاور احمدمیر،نور محمد شیخ ، گلزار احمد وانی اور پون کمار گپتا نے شرکت کر کے کیس کو جلد حل کرنے کے لئے اپنی تجاویز پیش کیں۔محکمہ کے ڈپٹی سیکرٹری اور ٹیکنیکل آفیسر نے کیس کے حوالے سے کمیٹی کو جانکاری فراہم کی۔ تفصیلی تبادلہ خیال کے بعد کمیٹی نے فیصلہ لیا کہ اگلی میٹنگ میں متعلقہ محکمہ کو سننے کے بعد حتمی فیصلہ لیا جائے گا۔میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ کمیٹی اگلی میٹنگ میں محکمہ مال اور کسٹوڈین محکمہ کے اعلیٰ عہدہ داروں کو بلائے گی۔میٹنگ میں اسمبلی کے خصوصی سیکرٹری ایم آر سنگھ اور دیگر افسران نے شرکت کی۔