کنگن // ریزن گنڈ میں طلباء و طالبات نے سکول میں اساتذہ کی عدم دستیابی کے خلاف سرینگر سونہ مرگ شاہراہ پر احتجاجی دھرنا دیکر گاڑیوں کی آمد رفت کئی گھنٹوں تک مسدود کردی جس کے نتیجے میں مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ ہفتے کی صبح گورنمنٹ مڈل سکول ریزن گنڈ میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات نے کلاسوں کا بائیکاٹ کرنے کے بعد سرینگر لیہ شاہراہ پر نکل آئے اور اسکول میں تدریسی عملے کی کمی کے خلاف احتجاج کیا ۔احتجاجی طلاب کا کہنا تھا کہ اسکول میں کئی مضامین کے اساتذہ کی عدم دستیابی کے باعث ان کی پڑھائی بری طرح سے متاثر ہورہی ہے۔ اس دوران انچارج زونل ایجوکیشن آفیسر گنہ ون محمد رفیق اور نائب تحصیلدار گنڈ محمد یوسف نے موقعہ پر پہنچ کرہی سکول میں ایک اور استاد کی تعیناتی کی ہدایت دے دی اور طلاب کو یقین دلایا کہ اسکول میں مزید اساتذہ تعینات کئے جائیں گے جس کے بعد طلبہ نے احتجاجی دھرنا پر امن طور ختم کیا ۔