بغیر پیکنگ منجمد گوشت، چکن اور مچھلیوں پر مکمل پابندی عائد
پرویز احمد
سرینگر // حکومت اورمحکمہ فوڈ سیفٹی نے کہا ہے کہ بازاروں میں غیرمحفوظ منجمد گوشت، چکن ، مچھلی اور دیگر کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے والوں کو فوڈ سیفٹی ایکٹ کی خلاف ورزی پر 6سال کی قید اور 5لاکھ روپے کا بھاری جارمانہ عائدکیا جائے گا۔ محکمہ فوڈ سیفٹی کی جانب سے پروسسڈ اور منجمند چیزیںفروخت کرنے والوں کے نام جاری کی گئی ایڈوائزری میں کہاہے کہ لوگوں کے صحت کا خیال رکھنے اور عوام کو فراہم کی جانے والی کھانے کی چیزوں کا معیار برقرار رکھنے کیلئے کئی اہم فیصلے لئے گئے ہیں۔فوڈ سیفٹی سٹنڈارڈس ایکٹ 2006 اور فوڈ سیفٹی سٹنڈارڈ( پیکیجنگ اور لیبلنگ) ریگولیشن 2020 کے کھانے کی چیزوں کو ہاتھ لگانے، سٹور کرنے، تقسیم کاری اورمنجمند گوشت، چکن، اور مچھلیاں بغیر مکمل پیکیجنگ فروخت کرنے پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔
تازہ /منجمد گوشت
تازہ گوشت کو تازہ رکھنے کیلئے 0سے منفی 4ڈگری تک منجمد کیا جانا ضروری ہے تاکہ اس کو کچھ وقت تک تازہ رکھا جاسکے۔ منجمند گوشت کو پہلے منفی 0 سے منفی 4ڈگری کے درجہ حرارت میں رکھا جاتا ہے لیکن بعد میں ایک اچھے ( ریفریجریٹر) میں منفی 18ڈگری درجہ حرارت میں محفوظ کیا جاتا ہے تاکہ اس کو کافی وقت ک تازہ رکھا جاسکے اور ایک جگہ سے دوسری جگہ ٹرانسپورٹ کے ذریعے منتقل کیا جاسکے۔ منجمند گوشت، چکن اور مچھلی کو منفی 18ڈگری درجہ حرارت پر شروعات سے لیکر فروخت تک منجمد رکھنا لازمی ہے۔ منفی 4درجہ حرارت میں رکھی گئی اشیاء کو 2سے 4 دنوں کے اندر اندر استعمال کرنا ہوگا جبکہ منفی 18ڈگری درجہ حرارت میں منجمند کی گئی کھانے کی اشیاء 12مہینوں تک استعمال کی جاسکتی ہے بشرطیکہ 12مہینے تک اس کا درجہ حرارت منفی 18رکھا جائے۔ حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ کھانے کی چیزیں فروخت کرنے والے تمام تجارت پیشہ افراد کو اپنے دکانوں، ہوٹلوں، ریستوران میں درجہ حرارت پر نظر رکھنے کیلئے الیکٹرونک آلات نصب ہونے چاہئے۔ اس کے علاوہ تمام ریکارڈ کاغذات کے علاوہ الیکٹرونک صورت میںانفیکشن کے دوران دستیاب ہونا چاہئے۔
لیبلنگ اینڈ پیکیجنگ
پیکیجنگ اینڈ لیبلنگ ایکٹ 2020 کے مطابق منجمد گوشت، چکن اور مچھلیوں کی لیبلنگ پر اس کا نام، اجزات کی مکمل فہرست، پورا معیار، بیچ یا لاٹ نمبر، بنانے اور پیکینگ کی تاریخ، سٹوریج کی حالت، بنانے ، پیک یا درآمد کرنے والے کا نام اور مکمل پتہ، ایف ایس ایس اے آئی کا لائسنس نمبر اور لوگو ،ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ ایڈوائزری میں آن لائن فروخت کرنے والوں کیلئے بھی ہدایت دی گئی ہے جن میں آن لائن کوئی بھی اشیاء فروخت کرنے کے بعد اسکو لوگوں تک پہنچانے کے وقت مدت استعمال کا 30فیصد ہونا چاہئے یامدت استعمال کے 45دن قبل خریدار تک پہنچنا چاہئے۔ اس کے علاوہ تمام لازمی جانکاری پیکینگ پر دستیاب ہونا لازمی ہے۔
خلاف ورزی
ان قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوڈ سیفٹی اینڈ سٹنڈارڈ ایکٹ 2006 کے تحت سخت کاروائی کی وارننگ دی گئی ہے۔جن میں غیر معیاری کھانے کی چیزیں پر سیکشن 51کے تحت 5لاکھ تک کا جرمانہ، غلط لیبلنگ پر سیکشن 52کے تحت بغیر رجسٹریشن کے کاروبار چلانے پر 2لاکھ اور سیکشن 36کے تحت بغیررجسٹریشن کے 10لاکھ روپے تک کاجرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ غیر محفوظ خوراک فروخت کرنے پر 6سال کی جیل کے علاوہ سیکشن 59(iii) کے تحت 5لاکھ روپے بطور جرمانہ عائد ہوگا۔ تاجروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ بہت جلد اپنے ہوٹلوں، ریستوران اورڈھابوں کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنا ئیں،تمام ریکارڈ قائم کریں اور اپنے دکانوں ، ہوٹلوں اور ڈھابوں اور آن لائن پیلٹ فارموں سے تمام غیر تعمیل مصنوعات (Non. complainit Products) کو ہٹائیں ۔