ارشاداحمد
بڈگام//بونہ مقام ماگام میں دو ہمسایوں کے درمیان سڑک کے تنازعہ پر ہوئی لڑائی میں نوجوان لڑکی زخمی ہوگئی۔لڑکی کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ہوئے لڑائی میں ملوث چھ افراد کی گرفتاری عمل میں لائی۔ پولیس کے حکام نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ ماگام سے ملحقہ علاقہ بونہ مقامہ پر اندرونی سڑک کی تعمیر کے تنازعہ پر دو ہمسایوں کے درمیان’ تو تو میں میں‘ شروع ہوگئی جس کی نوبت ہاتھاپائی تک پہنچ گئی جس دوران دونوں خاندانوں کے افراد نے پتھر بازی شروع کردی جس کے ساتھ ہی عبدالخالق پرہ کے اہل خانہ نے عبدالرشید پرہ کے اہل خانہ پر حملہ کیا۔حملے کے دوران عبدالرشید پرہ کی 17 سالہ دختر سفینہ کے سر پر تیز دھار چیز ماری گئی جس سے وہ زخمی ہو گئی۔ زخمی لڑکی کو سب ضلع ہسپتال ماگام لے جایا گیا ، جہاں سے اُسے مزید علاج کے لئے صدر ہسپتال سرینگر منتقل کردیا گیا ۔پولیس نے معاملے کی نسبت مقدمہ زیر نمبر 64/2022 درج کرتے ہوئے چھ حملہ آوروں کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس کے مطابق تحقیقات جاری ہے اور مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔