بجبہاڑہ میں نامعلوم گاڑی نے مکئی فروش کوکچلا
سرینگر//وادی میں جمعہ کو سڑک کے دوالگ الگ حادثوں میں 2افرادہلاک اورایک زخمی ہوگیا۔دارا ہارون کا ایک 30 سالہ شخص جمعہ کو سرینگر کے ہارون علاقے میں سڑک حادثے میں ہلاک ہوگیا۔حکام نے بتایا کہ ہارون مارکیٹ کے قریب ایک تیز رفتارسکوٹی الٹ گئی جس کے نتیجے میں سوار اور اس کا دوسراسوار زخمی ہوگیا۔ انہوں نے بتایا کہ سکوٹی کو بلال احمد بٹ ولد محمد رمضان بھٹ ساکن دارا، ہارون چلا رہا تھا۔بلال شدید زخمی تھا اور اسے فوری طور پر علاج کے لیے سکمز صورہ منتقل کیا گیا، تاہم، وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔دریں اثنا، ڈبل سوار کی شناخت کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔ واقعے کی مزید تفصیلات کا انتظار ہے، جبکہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ادھر حمزہ پورہ سیمتھن بجبہاڑہ میں جمعہ کوایک المناک حادثے میں ایک 50 سالہ مکئی فروش نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر لقمہ اجل بن گیا۔ حکام نے بتایا کہ جمعہ کو حمزہ پورہ بجبہاڑہ میں میں ایک نامعلوم گاڑی نے مکئی فروش 50سالہ فاروق احمد ڈار ولد غلام رسول ڈار ساکن تلخان بجبہاڑہ کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا۔ اسے فوری طور پر ایس ڈی ایچ بجبہاڑہ منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔غریب مکئی فروش کی المناک موت پر پورے علاقے میں غم واندوہ کی لہر دوڑ گئی ۔50 سالہ مکئی فروش کی میت کو جب آبائی گھرتلخان بجبہاڑہ پہنچایاگیا تووہاں کہرام مچ گیا ۔بعدازاں اسکی آخری رسومات اداکی گئیں۔ دریں اثنا، پولیس نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔