تمام محکموں کوعوامی خدمات برقرار رکھنے کیلئے تال میل یقینی بنانے کی ہدایت
سرینگر//نائب وزیر اعلیٰ سریندرکمار چودھری نے برف سے متاثرہ علاقوں میں کم سے کم وقت میں برف ہٹانے کو یقینی بنانے کے لئے ایک مؤثر اور مربوط طریقہ کار وضع کرنے کے ہدایات جاری کئے۔ چودھری سول سیکرٹریٹ سرینگرمیں موسم سرما کیلئے برف ہٹانے کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے ایک اعلیٰ سطحی میتنگ کی صدارت کر رہے تھے۔میٹنگ میں کنگن، سوناواری، گلمرگ، اُوڑی، سوپور، پٹن، بارہمولہ، پانپور، شوپیاں، پہلگام، شانگس اننت ناگ اور چھانہ پورہ سمیت کئی اسمبلی ممبران نے شرکت کی۔میٹنگ میں کشمیر اور جموں کے صوبائی کمشنروں ، سبھی ڈپٹی کمشنروں، چیف انجینئروں اور پبلک ورکس (آر اینڈ بی) ڈپارٹمنٹ، میکنیکل اِنجینئرنگ ڈویژن(ایم اِی ڈی) ، پی ایم جی ایس وائی، این ایچ آئی ڈِی سی ایل اور بی آر او کے دیگر سینئر افسروں نے بھی شرکت کی۔دورانِ میٹنگ ایک تفصیلی سرمائی ایکشن پلان پیش کیا گیا تاکہ جموںوکشمیر بالخصوص برفباری والے علاقوں میں ضروری خدمات اور رابطے کے کام کو احسن طریقے سے چلانے کو یقینی بنایا جاسکے۔اِن تیاریوںمیں روڈ کلیئرنس شامل ہے۔میٹنگ میںیہ بھی بتایا گیا کہ ترجیحی معاملے کے طور پر یکنیکل اِنجینئرنگ ڈویژن(ایم اِی ڈی) 10,223میٹر سڑکوں کی کلیئرنس کی نگرانی کرے گا جس میں6,728کلومیٹر کو ترجیحی اوّل کے طور پر درجہ بندی کیا گیا ہے اور اِس میں شاہراہیں،ہسپتال کے راستے اور اہم بنیادی ڈھانچے کے لئے سڑکیں شامل ہیں۔میٹنگ کو جانکاری دی گئی کہ پی ایم جی ایس وائی نے 4,042 کلومیٹر دیہی سڑکوں پر برف ہٹانے کے معاہدوں کو حتمی شکل دی ہے اور جس میں مزید 4 معاہدے زیر عمل ہے۔میٹنگ میںیہ بھی بتایا گیا کہ ایم ای ڈی کی جانب سے 310 سنو کلیئر نس مشینیں متحرک کی گئی ہیںجو گزشتہ برس 254 مشینوں سے زیادہ ہیں۔اس کے علاوہ مشکل حالات سے نمٹنے کے لئے کُل 293 آپریشنل عملہ تعینات کیا گیا ہے جبکہ گزشتہ برس یہ تعداد 231 تھی۔میٹنگ میں قومی شاہراہ 44 (بانہال ۔ قاضی گنڈ ) مغل روڈ، بانڈی پورہ۔گریز روڈ اور پتنی ٹاپ راستوں جیسے اہم سڑکوں اور شاہراہوں پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔رسوئی گیس، پیٹرولیم اور اشیائے ضروریہ کی بغیر کسی کاوٹ کے سپلائی چین کو یقینی بنانا اوّلین ترجیح ہے۔ بی آر او، این ایچ آئی ڈِی سی ایل اور پی ڈبلیو ڈی (آر اینڈ بی) نے سڑک رابطے کو برقرار رکھنے کے لئے سنو کٹر ، ڈوزر اور گریڈرز کی دستیابی پر روشنی ڈالی۔ایس ایم سی اور اَربن لوکل باڈیز (یو ایل بی) نے 422 مشینوں کے ساتھ شہر کی سڑکوں کو سنبھالنے کے لئے اپنی تیاری پیش کی جس میں ڈِی واٹرنگ پمپوں اور ڈی آئیسنگ میٹر یل شامل ہیں۔نائب وزیرا علیٰ نے بین محکمانہ کوآرڈی نیشن کی ضرورت پر زور دیا اور تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ باقاعدگی سے ورچیول میٹنگوں سے زمینی سطح کی کارروائیوں کی نگرانی کریں۔ صوبائی کمشنروں نے اَپنے متعلقہ علاقوں کے پاورپوائنٹ سمری پیش کی جس میں شدید برفباری سے نمٹنے کے لئے دستیاب بنیادی ڈھانچے ،اَفرادی قوت اور حکمت عملی کی نمائش کی گئی۔نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے اَفسران کی فعال نقطہ نظر کی ستائش کی اور محکموں کو ہدایت دی کہ وہ فوری طور پر سڑک کی کلیئرنس اورآئسنگ سالٹ ، یوریا اور ایندھن جیسی ضروری اشیأ کے مناسب ذخیرہ کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ سرمائی تیاری کا یہ منصوبہ جموں و کشمیر کے شہریوں کی حفاظت اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لئے اہم اور ضروری ہے۔ یہ ہماری اِجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم بغیر کسی رُکاوٹ کے خدمات اور ایمرجنسی صورتحال سے بروقت نمٹنے کو یقینی بنائیں۔میٹنگ میں متعلقہ تمام محکموں کی جانب سے تیاری کی یقین دہانیوں اور سخت سردی کے مہینوں میں وادی کو فعال رکھنے کے عزم کے ساتھ اِختتام پذیر ہوئی۔