سرینگر//گورنر کے صلاح کار کے ۔ وِجے کمار نے ریاستی سپورٹس کونسل سے تلقین کی ہے کہ وہ اپنی سرگرمیوں میں وسعت لا کر زیادہ سے زیادہ نوجوانوں خصوصاً لڑکیوں کو کھیل سرگرمیوں کی طرف راغب کریں۔مشیر نے اِن باتوں کا اِظہار ریاستی سپورٹس کونسل اور یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس کے افسران کے ایک میٹنگ میں کیا جو اِن اداروں کے کام کاج کا جائزہ لینے کے لئے طلب کی گئی تھی۔میٹنگ میں سیکریٹری امور نوجوان و کھیل کود سرمد حفیظ ، ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر سلیم الرحمان اور ریاستی سپورٹس کونسل کے سیکرٹری ڈاکٹر نسیم جاوید چودھری کے علاوہ دیگر کئی افسران موجود تھے۔میٹنگ کے دوران مشیر نے ریاستی سپورٹس کونسل کی کارکردگی کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں بھی جانکاری حاصل کی۔ اُنہوں نے مستقبل قریب میں ہو نے والی کھیل سرگرمیوں میں حصہ لینے والے لڑکوں ۱ ور لڑکیوں کی تفصیلات بھی حاصل کیں۔زیادہ سے زیادہ لڑکیوں کو کھیل سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے پر زوردیتے ہوئے مشیر نے ریاستی سپورٹس کونسل کے سیکریٹری کو اس سلسلے میں مناسب اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ باصلاحیت نوجوانوں کو مناسب تربیت فراہم کی جانی چاہیئے۔انہوں نے کالجوں کی سطح پر کھیل مقابلے منعقد کرانے پر بھی زور دیا۔ نسیم جاویدچودھری نے کونسل کی مجموعی کارکردگی کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔اس موقعہ پر کونسل کی افرادی قوّت اور خالی اَسامیوں کے پُر کرنے کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وُشو کھلاڑی بھانو پرتاپ کی عزت افزائی
سرینگر//گورنر کے مشیر کے۔ وجے کمار نے سول سیکرٹریٹ میں ایشن گیمز میں وُشو کھلاڑی بھانو پرتاپ سنگھ کی جانب سے کانسے کا تمغہ حاصل کرنے پر اُن کی عزت افزائی کی۔اس موقعہ پر انڈین وُشو کھیل کے چیف کوچ کلدیپ ہنڈو بھی موجود تھے۔مشیر نے اس موقعہ پر بھا نو پرتاپ کو مومینٹو پیش کرتے ہوئے جکارتہ ۔ پیلم بانگ( انڈونیشیاء ) میں منعقدہ ایشین گیمز میں کانسے کا تمغہ حاصل کرنے پر مبارک باد پیش کی۔انہوں نے مستقبل میں بھی بھانو پرتاپ سنگھ کی جانب سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی تمنا ظاہر کی۔جے کمار نے بھانو پرتاپ سنگھ کی طرف سے کئے گئے مظاہرے کے لئے کوچ کی کاوشوں کی ستائش کی۔