جموں//ریاستی سرکار نے سرکار اشتہارات کی اجرائی کے حوالے سے سپریم کورٹ کی طرف سے وضع کئے گئے رہنما خطوط کی عمل آوری کی نگرانی کرنے کے لئے 3 رُکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ محکمہ اطلاعات کے فائنانشل کمشنر بی بی وِیاس کی طرف سے جاری کئے گئے ایک حکمنا مے کے مطابق سابق ناظم اطلاعات کے بی جنڈیال مذکورہ کمیٹی کے سربراہ ہوں گے جبکہ دیگر کمیٹی ممبران میں شعبہ¿ صحافت یونیورسٹی آف کشمیر کی ایسو سی ایٹ پروفیسر صبیہا مفتی اور انڈین انسٹی چیوٹ آف ماس کمیونکیشن جموںکے سپیشل آفیسر منموہن کھجوریہ شامل ہیں ۔ جوائنٹ ڈائریکٹر ( ہیڈ کوارٹرس ) محکمہ اطلاعات عبدا لمجید زرگر کمیٹی کے ممبر سیکرٹری ہوں گے ۔ سرکاری حکمنامے کے مطابق تشکیل کے بعد کمیٹی 1 سال تک کام کرے گی۔کمیٹی سپریم کورٹ کے احکامات زیر نمبر wp(c)13 of 2013 and wp(c) 197 of 2004, wp(c) No: 302 of 2012 کی عمل آوری کی نگرانی کرے گی۔سپریم کورٹ کے رہنما خطوط کے مطابق انتخابات کے موقعہ پر سرکاری کارندوں اور سیاسی لیڈروںکی تصاویر کی اشاعت پر قد غن اور اشتہارات کی اجرائی سے متعلق ہیں۔سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق سیاسی پارٹیوں کے نام اور تصاویر اور پارٹی صدور کا تذکرہ سرکاری اشتہارات میں نہیں ہونا چاہئے۔عدالتِ عظمیٰ نے کہا ہے کہ اس طرح کے اشتہارات میں عوامی دولت کا ناجائز استعمال کیا گیا ہے۔ عدالت نے کہا ہے کہ اشتہارات کو سرکاری ذمہ داریوں کے ساتھ جوڑا جانا چاہئے اور مواد کو ایک مثبت اور قابل رساں انداز میںپیش کیا جانا چاہئے جس کا مقصد سیاسی جماعت کے مفادات کو پیش کرنا نہیں ہونا چاہئے۔ عدالت نے کہاکہ مہم کا ایک جواز ہونا چاہئے اور یہ مو¿ثر ہونی چاہئے جبکہ اشتہارات کا قانونی قواعد و ضوابط کا پابند ہونا لازمی ہے ۔عدالتِ عظمیٰ نے اپنے احکامات میںکہا ہے ” جہاں تک سفارشات کا تعلق ہے، ہماری رائے کہ موجودہ احکامات کی عمل آوری اور اس عمل آوری کی نگرانی میں جو نتائج سامنے آئے ہیں ، متعلقہ حکومتوں کو دیانتدار اور غیر جانبدار 3 ممبران پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دینی ہوگی۔“ریاستی حکومت کی جانب سے تشکیل دی گئی غیر سرکاری کمیٹی کیبل ٹی وی چینلوں پر ٹیلی کاسٹ کئے جانے والے اشتہار کے مواد کا بھی جائزہ لے گی تاکہ کیبل ٹی وی نیٹ ورک ( ریگولیسن ایکٹ ۔ 1995) اور اس ضمن میں بنائے گئے قوانین کی عمل آوری کو یقینی بنایا جائے ۔ سی ایس آر کے غلط استعمال کو روکنے کےلئے مذکورہ کمیٹی ریاست میں کام کر رہے کمیونٹی ریڈیو سٹیشنوں کے کام کاج پر بھی نگاہ رکھے گی۔